سرینگر //انڈین انسٹیچوٹ آف سکینگ اینڈ مونٹیینرنگ( آئی آئی ایس ایم) نے 5ویں سکی کورس کامیابی سے مکمل کرکے ایک اور کارنامہ انجام دیا ہے۔ کورس میں بھارت کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 80اُمید واروں نے حصہ لیا جن میں کشمیر سے تعلق رکھنے والے اُمیدوار بھی شامل تھے۔ تربیتی کورس کے دوران تمام سطح کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے۔ تربیتی کورس کی اختتامی تقریب آئی آئی ایس ایم کے دفتر پر منعقد ہوئی جس میں سوپور کے سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ہرمیت سنگھ مہتا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ آئی آئی ایس ایم کے پرنسپل جے ایس ڈھلن نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور حاضرین کو ادارے کی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ انہوں نے ایسے تربیتی کورسز سے نوجوانوں کی بہتر نشونما ہونے اور سیاحت شعبے میں روز گار پیدا ہونے کی بھی گنجائش کے بارے میں حاضرین کو جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے طلباء کی بھی سراہنا کی ۔ اس موقعے پر ادارے کے سابق پرنسپل کے اے میر نے بطور مہمان ذی وقار شرکت کی جبکہ تقریب کے دوران والدین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے سکی کورس مکمل کرنے پر اپنے بچوں کو مبارک باد دی۔ ادارہ ہر سال سردیوں میں 6تربیتی کورس مکمل کرتا ہے اور اسکے علاوہ ادارہ دیگر سرگرمیوں مثلاًکوہ پیمائی ، پیراسیلنگ اور دیگر کورسز شامل ہے۔ آئی آئی ایس ایم کے زیر نگران منعقد ہونے والے تربیتی کورسز کیلئے بچوں کو کافی کم فیس ادا کرنی پڑتی ہے جبکہ ادارہ سیاحتی مقام گلمرگ کو مشہور کرنے میں بھی اپنا رول ادا کررہا ہے۔