عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے بدعنوانی سے متعلق مقدمات کی مؤثر پیروی اور شفاف عدالتی کارروائی کو مضبوط بنانے کیلئے پانچ عدالتی افسران کو خصوصی ججوں کے طور پر تعینات کیا ہے۔ یہ تقرریاں انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں اور یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوں گی۔ حکومت کے مطابق ان تقرریوں کا مقصد انسدادِ بدعنوانی عدالتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور زیر التوا مقدمات کے بروقت فیصلے یقینی بنانا ہے۔جاری احکامات کے مطابق تسلیم عارف کو اسپیشل جج انسدادِ بدعنوانی عدالت سرینگر، سونیا گپتا کو اسپیشل جج انسدادِ بدعنوانی عدالت جموں، جبکہ یشپال شرما کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اْدھم پور تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سشیل سنگھ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج پونچھ اور مہرین مشتاق کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انسدادِ بدعنوانی عدالت سرینگر (ایڈیشنل) مقرر کیا گیا ہے۔ادھر حکومت نے گھریلو معاملات کی سماعت کے اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے فیملی کورٹس میں بھی دو اہم تقرریاں کی ہیں۔ سرکاری حکم کے مطابق سندیپ کور کو پرنسپل جج فیملی کورٹ جموں اور پریت سمرن کور کو ایڈیشنل جج فیملی کورٹ سرینگر تعینات کیا گیا ہے۔