یو این آئی
سرینگر// وادی کشمیر میں دوسرے روز بھی پہاڑی علاقوں میں بر ف و باراں اور میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 5اور 7مارچ کے درمیان مغربی ہوائوں کا ایک درمیانی دبائو کا مرحلہ جموں کشمیر پر اثر انداز ہونے والا ہے۔ جس کے نتیجے میں درمیانی درجے کے برف و باراں کے امکانات ہیں۔8سے 10مارچ تک موسم ٹھیک رہیگا۔11سے 14مارچ کے درمیان مغربی ہوائیں پھر داخل ہونگیں اور اس دوران وادی بھر میں بارشیں اور برفباری کا امکان ہے۔ وادی میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پہاڑی علاقوں میں بھاری برف و باراں اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔ گلمرگ میں3سے4 فٹ ، سونہ مرگ میں 4 فٹ برف ریکارڈ ہوئی ہے۔
بڈگام ضلع کے چرار شریف ، کنہ دجن، دارون، پکھر پورہ، نوگام ، دودھ کھتو میں ایک سے دو فٹ تازہ برف ریکارڈ ہوئی ۔ سرینگر میں 38.9ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ کپوارہ کے بالائی و میدانی علاقوں میں بھاری برف باری کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ہندوارہ قصبہ میں ڈرینج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے کئی سڑکیں زیر آب آئیں۔8فروری سے اب تک پورے ضلع میں 3مرتبہ بھاری برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں کیرن ،مژھل ،کرناہ علاقے ضلع ہیڈ کو ارٹر سے کٹ کر رہ گئے ہیں ۔ سادھنا درہ (نستہ ژھن گلی) پر تازہ 4فٹ ،فرکیاں ساڑھے 4اور مژھل کی زیڈ گلی پر 4فٹ برف ریکارڈ کی گئی۔