راجوری +مہور//خطہ پیر پنچال میں پیش آئے 3مختلف سڑک حادثات میں 7افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 7ہی زخمی ہوئے ہیں ۔راجوری درہال میں ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک ہی کنبے کے 4افراد سمیت 6افراد لقمہ اجل بنے اورایک خاتون زخمی ہوئی ۔یہ حادثہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات 1بجے درہال کے اوجھان گائوں میں پیش آیا ۔آٹو رکھشا زیر نمبر JK11C 1486راجوری سے سبزی درہال کی طرف جاتے ہوئے سڑک سے لڑھک کر 300میٹر گہری کھائی میں جاگرا جس کے نتیجہ میں اس پر سوار 7افراد بری طرح سے زخمی ہوئے ۔اس دوران حادثے کی خبر ملتے ہی بڑے پیمانے پر بچائو کارروائی شروع کی گئی جو رات 3بج کر 30منٹ تک جاری رہی اوراس کارروائی میں پولیس ، محکمہ صحت ، فائر و ایمرجنسی سروسز و مقامی لوگوںنے حصہ لیا ۔پولیس کے مطابق حادثے کاشکار ہونے والے 7میں سے 4افراد موقعہ پر ہی لقمہ اجل بنے جبکہ دیگر 3کو ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاجہاں مزید ایک زخمی نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیاجبکہ ایک شخص کو نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاجارہاتھا جس نے راستے میں دم توڑا۔ حادثے میں مرنے والوں کی شناخت محمد شبیر ولد محمد رشید ساکن کالاکوٹ ، منیر حسین ولد محمد عبداللہ ساکن ایتی راجوری، شوکت علی ولد محمد حسین ، ریشم بی زوجہ محمد حسین، محمد حسین ولد خدا بخش اور محمد بشیر ولد غلام حسین ساکنان سبزی درہال کے طور پر ہوئی ہے ۔اس حادثے میں پرویز اختر زوجہ محمد منشی ساکن سبزی زخمی ہوئی ہے جسے علاج کیلئے نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیا۔سبزی درہال میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے اور اس حادثے پر ہر آنکھ نم ہے ۔اس سلسلے میں پولیس نے پولیس تھانہ درہال میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔دریں اثناء راجوری انتظامیہ نے حادثے کے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کیاہے ۔ وہیں پونچھ کے مینڈھر علاقے میں ایک ٹاٹاسومو حادثے کاشکار ہوئی جس کے باعث ا سکا ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا۔ پولیس کے مطابق ٹاٹاسومو زیر نمبرJK12 8247شام 5بج کر 15منٹ پر کالابن کے مقام پر حادثے کاشکارہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں 23سالہ ڈرائیور محمد یوسف ولد محمد نذیرموقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔بلاک میڈیکل افسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان نے بتایاکہ حادثے کے بعد مردہ ڈرائیور کو سب ضلع ہسپتال مینڈھر لایاگیا۔دریں اثناء راجوری کے نوشہرہ بھوانی میں بھی ایک حادثے میں 7افراد زخمی ہوئے ۔یہ حادثہ اتوار کی شام اس وقت پیش آیا جب منی بس زیر نمبر JK02AP 8193بھوانی کے مقام پر سڑک سے لڑھک کر نالی میں چلی گئی ۔اس حادثے میں سات افراد زخمی ہوئے جن سبھی کو سب ضلع ہسپتال نوشہرہ منتقل کیاگیاجہاں وہ زیر علاج ہیں ۔ادھر بگہ گنڈی سب ڈویژن مہور ریاسی میں سومو گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں 4افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں 2 اسپتال میں دم توڑ بیٹھے۔جن کی شناخت رئیس احمد اور مہران ملک کے بطور ہوئی ہے۔