عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی جے پی آج یعنی ہفتہ کو یہاں کور گروپ کی میٹنگ کر کے جموں و کشمیر کی چار راجیہ سبھا سیٹوں کے انتخابات کے لیے حکمت عملی طے کرے گی۔الیکشن کمیشن نے 25 ستمبر کو اعلان کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے خالی ہونے کے چار سال بعد 24 اکتوبر کو انتخابات ہوں گے۔ پارٹی ترجمان گردھاری لال رینہ نے بتایا، جموں و کشمیر بی جے پی کے کور گروپ کی میٹنگ ہفتہ کو صبح 10 بجے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوگی جس میں مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون چگ اجلاس کی صدارت کریں گے۔تاہم، رینہ نے راجیہ سبھا انتخابات کے ممکنہ امیدواروں کی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔معلوم ہوا ہے کہ بی جے پی میٹنگ میں اپنے امیدواروں کو حتمی شکل دینے کے عمل کو باضابطہ طور پر شروع کرے گی۔میٹنگ میں راجیہ سبھا انتخابات اور امیدواروں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تین سے چار لیڈروں کے ناموں پر بحث ہونے کی امید ہے۔پارٹی حلقوں میں جو نام گردش کر رہے ہیں ان میں جموں و کشمیر بی جے پی کے سابق سربراہ رویندر رینہ، سابق نائب وزیر اعلی نرمل سنگھ اور ایک خاتون لیڈر شامل ہیں۔میٹنگ میں جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال اور نگروٹہ اور بڈگام میں آئندہ اسمبلی ضمنی انتخابات سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔راجیہ سبھا انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 13 اکتوبر ہے۔ ووٹوں کی گنتی 24 اکتوبر کی شام کو پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد کی جائے گی۔مرکز کے زیر انتظام علاقے میں راجیہ سبھا کی چار سیٹوں کے لیے اسمبلی انتخابات کے تقریباً ایک سال بعد پولنگ ہو رہی ہے۔یہ نشستیں فروری 2021 میں خالی ہوئی تھیں، جب اس وقت کے ایم پیز میر محمد فیاض، شمشیر سنگھ، غلام نبی آزاد اور نذیر احمد لاوے کی مدت ختم ہوگئی تھی۔ چونکہ جموں و کشمیر اس وقت صدر راج کے تحت تھا اور وہاں کوئی اسمبلی نہیں تھی، اس لیے چار سیٹوں پر انتخابات نہیں ہو سکے۔جموں و کشمیر اسمبلی یونین ٹیریٹری کے لیے پہلے اسمبلی انتخابات کے بعد گزشتہ سال نومبر میں قائم کی گئی تھی۔