نئی دہلی//39 ویں جی ایس ٹی کونسل میٹنگ نئی دہلی میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی صدارت میں منعقد ہوئی لیفٹنٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے میٹنگ میں جموں کشمیر یو ٹی کی نمائندگی کی ۔ مشیر موصوف نے میٹنگ میں اجاگر کئے گئے مختلف ایجنڈا آئیٹموں کے تعلق سے یو ٹی حکومت کا نکتہ نظر سامنے رکھا ۔ انہوں نے جموں کشمیر میں اگست 2019 کے بعد ٹیکس دہندگان کو اپنے ریٹرن داخل کرنے میں پیش آ رہی دشواریوں سے میٹنگ کو آگاہ کیا ۔ کونسل کو بتایا گیا کہ کافی تعداد میں ٹیکس دہندگان نیٹ سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے اپنے ریٹرن داخل نہیں کر سکے اور اُن پر لیٹ فیس عائد کیا گیا ۔ کونسل نے اس تناظر میں اگست 2019 کے بعد التوا میں پڑے ریٹرن داخل کرنے کی تاریخ 24 مارچ 2020 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ۔ اس قدم سے کافی تعداد میں اُن ٹیکس دہندگان کو راحت نصیب ہو گی جو اگست 2019 کے بعد اپنے ریٹرن داخل نہیں کر سکے ہیں اور اس فیصلے سے جموں کشمیر یو ٹی میں ریٹرن داخل کرنے کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا ۔