سرینگر// ریاستی پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ 14 فروری کو لیتہ پورہ میں سی آر پی ایف قافلے پر ہوئے فدائین حملے کو حل کرنے کیلئے تحقیقاتی ایجنسیاں کئی سراغوں پر کام کر رہی ہیں۔ دلباغ سنگھ نے بدھ کو کہا’’ ہمیں کئی سراغ ملے ہیں،اور تحقیقات سے قبل کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا،مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی اور اور ان سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک قریب2درجن کے قریب مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ حملے کی پاداش میں اب تک قریب35افراد کو چھاپوں کے دوران حراست میں لیا گیا ہے۔ ریاستی پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ سی آر پی ایف اور دیگر فورسز سے مشاورت کی جارہی ہے کہ شہریوں کے مشکلات کو کس طرح کم سے کم کیا جائے۔انہوں نے کہا’’ ہم اس پر کام کر رہے ہیں،اور ان چیزوں کو دیکھا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر حصوں میں رہائش پذیر کشمیریوں کی مدد کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا’’ ہم نے کنٹرول روم قائم کئے ہیں،اور جب بھی کوئی کال موصول ہوگی تو ہم انکی مدد کریں گے۔‘‘