جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے تعلیمی زون منکوٹ کے گورئمنٹ ہائی سکول چھجلا کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور 320بچوں کیلئے چار کلاس روموں کے علاوہ سات اساتذہ تعینات ہیں جبکہ ہیڈماسٹر کی پوسٹ بھی کافی عرصہ سے خالی ہے۔ ہیڈماسٹر کی پوسٹ خالی ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے جبکہ پانی کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے اور بیت الخلا کیلئے بھی پانی بچوں کو دریا سے لانا پڑتا ہے ۔لوگوں نے محکمہ تعلیم کے اعلٰی آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 2009میں سکول کو ہائی سکول کا درجہ ملا تھا لیکن محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے نہ سکول کی عمارت تعمیر کی گئی اور نہ بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے اساتذہ تعینات کیے گئے جو کہ سرحد کے قریب رہنے والے لوگوں کے بچوں کے ساتھ ناانصافی ہے ۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے ایپل کی کہ سکولوں کی خستہ حالت کو درست کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کو تعلیم دلانے کیلئے اساتذہ بھی تعینات کیے جائیں تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔