رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈسٹر کٹ ہسپتال نوشہرہ میں الٹر سائونڈمشین گزشتہ 3ماہ سے خراب پڑی ہوئی ہے جبکہ متعلقہ حکام نے ناکارہ مشین کی جگہ نئی مشینری نصب ہی نہیں کی ہے جس کی وجہ سے حاملہ خواتین و عام لوگوں کو ایمرجنسی الٹر سائونڈ ٹیسٹ کیلئے نجی کلینکوں و دیگر علاقوں میں قائم کر دہ ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑرہا ہے ۔مریضوں نے محکمہ صحت کی اعلی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے نوشہرہ میں الٹر سائو نڈ کا معاملہ پیچیدہ بنا ہوا ہے لیکن ابھی تک اس کو مستقل بنیادوں پر حل ہی نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مشین اب بالکل ناکارہ ہو گئی ہے لیکن محکمہ کے اعلی حکام کو جانکاری فراہم کرنے کے بعد بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو نجی کلینکوں پر 800روپے دے کر ٹیسٹ کروانا پڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ ہسپتال میں 21برس قبل الٹر سائونڈ مشین نصب کی گئی تھی لیکن 17برسوں تک مذکورہ مشینری کو چلانے کیلئے کوئی ماہر تعینات نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے نوشہرہ ہسپتال میں تعینات ایک ڈاکٹر کو جموں میں تربیت فراہم کی گئی جس کے بعد اس مشینری کی مدد سے مریضوں کو سہولیات فراہم کی جارہی تھی ۔مکینوں نے بتایا کہ نوشہرہ ہسپتال میں 3برس قبل ہی الٹر سائونڈ ٹیسٹ کی سہولیت فراہم کی گئی تھی لیکن اب مشینری بالکل ناکارہ ہو گئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد ہسپتال میں مریضوں کی سہولیت کیلئے نئی مشینری کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات ختم ہو سکیں ۔
۔3ماہ سے نوشہرہ ہسپتال میں الٹر سائونڈ کی سہولیت دستیاب نہیں
