عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وادی میں اگلے 3 سے 4 دنوں کے دوران شدید گرمی پڑ سکتی ہے۔ قومی موسمیاتی مرکز کے مطابق اگلے 3-4 دنوں کے دوران کشمیرمیں بارش کے امکانات مزید کم ہوگئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران وادی میں شدید ہیٹ ویو کی پیش گوئی ہے۔ممکن ہے اس دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوگا۔اگر پیش گوئی میں تبدیلی نہیں آئی تو اگلے 4 روز تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔تاہم اس دوران چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔ کشمیر ویدر کے مطابقاگلے 3 دنوں کے دوران ہیٹ ویو مزید شدت اختیار کر سکتی ہے کیونکہ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 36 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے۔
سرینگر، کپواڑہ، بڈگام اور پلوامہ جیسے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 36 ڈگری کو چھو سکتا ہے سرینگر اور کپواڑہ میں مزید امکانات ہیں۔کولگام، شوپیان، اننت ناگ، بانڈی پورہ اور بارہمولہ میں اگلے 3 دنوں میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔موسمیاتی مرکز ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار نے کہاکہ 24سے 26 جولائی تک کشمیر ڈویژن کے الگ تھلگ مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش اور جموں ڈویژن کے کئی مقامات پرہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ27 جولائی سے31 جولائی اور یکم سے3 اگست تک جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ادھر بدھ کو سرینگر میں 35.6درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں 34.2،کپوارہ میں35.0،پہلگام میں 29.3،اننت ناگ میں 34.1،شوپیان میں 34.8بارہمولہ میں 32.7، جموں سٹی میں 35.6، کٹرہ میں 31.9،بانہال میں 31.4،ریاسی میں 35.3، سانبہ میں 38.7اور کٹھوعہ میں 37.8درجہ حرارت درج کیا گیا۔