۔3جگہوں پر فرار ملی ٹینٹوں کی تلاش کوکر ناگ، ادہم پور اورکشتواڑ میں آپریشن جاری

  وسیع جنگلاتی علاقوں کامحاصرہ اور کڑی ناکہ بندی

عارف بلوچ+عاصف بٹ

 

اننت ناگ+کشتواڑ//اہلن گاگرمنڈو ل کوکر ناگ کے جنگلاتی علاقے میں انسداد دہشت گردی آپریشن پیر کو تیسرے دن بھی جاری رہا ۔ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے لیے تلاشی کارروائی کے علاقے کو وسیع کر دیا۔ہفتہ کے روزملی ٹینٹوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی اور ایک شہری مارے گئے تھے۔ جس کے بعدجنگلاتی علاقہ میں بڑے پیمانے پر تلاش کارروائی شروع کی گئی ۔ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کا آپریشن چیلنجنگ ٹپوگرافی کے باوجود تیسرے روز بھی جاری رہا۔فائر فائٹ سنیچر کی شام کو ایک محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شروع ہوئی تھی جو انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے شروع کیا تھا جس میں اہلن گاگرمنڈو کے دور افتادہ جنگل میںملی ٹینٹوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔حکام کے مطابق،ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ،جن کی تعداد تین سے چار تھی ، نے مشترکہ تلاشی پارٹیوں پر فائرنگ کی جس میں پیرا کمانڈوز اور مقامی پولیس شامل تھے۔ لڑائی میں چھ فوجی اہلکار اور دو شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی فوجیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں پہنچنے کے فورا بعد2 نے دم توڑ دیا۔مارے گئے فوجی اہلکاروں کی شناخت حوالدار دیپک کمار یادو اور لانس نائک پروین شرما کے طور پر کی گئی ہے۔
کشتواڑ/ادہم پور
سنیچر و اتوار کی درمیانی شب ضلع کشتواڑ کے نوناٹو ناگسینی کے مقام پرسیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس کے بعد ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔یہاں پیر کو تلاشی کارروائی دوسرے روز بھی جاری رہی۔ پولیس نے بتایا کہ فرار ملی ٹینٹوں کی تلاش دوسرے روز بھی جاری رہی ۔ تلاشی کارروائی نونٹو پتھرنکی پیاس اور ملحقہ علاقوں میں جاری رہی ۔ فوج ،سی ارپی ایف و ایس او جی نے پورے علاقے میں تلاشی کارروائی چلائی تاہم فرار ملی ٹینٹوں کا سراغ نہ مل سکا۔ادھر بسنت گڑھ ادہم پور میں اتوار کی شام ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا جس دوران طرفین کے مابین گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا تاہم ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈھوک ائریا میں کم سے کم 4ملی ٹینٹوں کو مقامی لوگوں نے دیکھا جس کے بععد آپریشن شروع کیا گیا۔