منجاکوٹ//منجاکوٹ کے کوٹلی کالابن علاقے میں چار سال قبل تین سگے بھائیوں کی نالے میں بہہ کر ایک ساتھ ہلاکت کے بعد اگرچہ محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج نے مہاتما گاندھی نریگا سکیم کے تحت اس علاقے میں پلوں کی تعمیر کاکام شروع کیاتاہم یہ کام پایہ تکمیل تک نہیں پہنچاجس کے نتیجہ میں لوگوں کو عبورو مرور میں مشکلات کاسامناہے ۔انہی پلوں میں سے ایک کی 2014میںتعمیر شروع ہوئی تھی جسے نامکمل حالت میں ہی چھوڑ دیاگیا جس کے باعث مقامی لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کاسامناہے اور انہیں موسم برسات کے دوران اپنی جان جانے کا خطرہ درپیش رہتاہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق تین بھائیوں کی ایک ساتھ ہلاکت کے بعد اس وقت کے ڈپٹی کمشنر موقعہ پر آئے اور ان کی ہدایت پر یہاں پل تعمیر کاکام شروع کیاگیا ،پہلے پہل تو محکمہ دیہی ترقی نے کام تیزی سے کیا اور پل کھڑا کردیاگیاتاہم اس کے اردگرد کاراستہ آج تک ٹھیک نہیں کیاگیا اورلوگوں کو پل کے اوپر جانے کیلئے کوئی راستہ نہیں ملتا۔ انہوں نے کہاکہ اس خونی نالے میں اس طرح کے پلوں کی برسات کے موسم میں بہت زیادہ ضرورت رہتی ہے لیکن کام ادھورا چھوڑ کر متعلقہ محکمہ نے انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اب پھر سے ایسا کوئی حادثہ رونماہوسکتاہے اور شائد حکام اسی کے انتظار میں ہیں جو تعمیر مکمل نہیں کی جارہی ۔