سرینگر// وادی کشمیر اور خطہ لداخ میں سردی کی شدت میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے ۔ جہاں لداخ میں تمام آبی ذخائر بدستور منجمند پڑے ہوئے ہیں وہیں وادی میں شبانہ درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا جارہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وادی میں 29 نومبر کو کہیں کہیں پر بارش یا برف باری کا امکان ہے سری نگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت صفر اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ اور شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 1 اعشاریہ 6 ڈگری اور منفی 1 اعشاریہ 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔کرگل میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات رواں موسم میں اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔لیہہ دوسرا سرد ترین مقام ثابت ہوا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔