مظفرآباد//متحدہ جہاد کونسل جموں کشمیر کے چیئرمین سید صلاح الدین احمدنے برصغیر کی تاریخ میں 27اکتوبر 1947 کو سیاہ ترین دن قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر کو متنازعہ قرار دے کشمیریوں کو بنیاد ی فریق تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیرکے تین فریق قرار دئیے جائیں‘ مسئلہ کے حل کیلئے متحد ہ حریت قیادت سے بات چیت میںاقوام متحدہ کی قراردادوں اور ریاستی عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھا جائے ۔صلاح الدین مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اُن کے ہمراہ وائس چیئرمین متحدہ جہاد کونسل محمد عثمان، سیکریٹری جنرل شیخ جمیل الرحمان، جمعیت المجاہدین کے امیر جنرل عبداللہ ،ش محمد جموں کشمیر کے کمانڈر مفتی محمد اصغر،البرق کے امیر محمد فاروق قریشی، حرکت المجاہدین کے امیرمحمد فاروق کشمیر ی، کمانڈر جان محمد،کمانڈر شمشیر خان، کمانڈر نصراللہ خاکی، کمانڈر محمداصغر رسو ل ، لشکر کے کمانڈر ڈاکٹر منظوراور دیگر جنگجوبھی تھے۔ صلاح الدین نے عوام سے اپیل کی کہ آج یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ مذاکرات کے نام پر دھوکہ اور فراڈ کیااسلئے جب کوئی راستہ نہیں بچاتو کشمیری نوجوانوں کو مجبورا ً مسلح ہونا پڑا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی صورت میں مسلح جدوجہد کے سوا مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے۔صلاح الدین نے کہا کہ بھارت تین قسم کی کالونیاں بسا کر کشمیر سے مسلم اکثریتی آبادی کا تناسب کم کرنا چاہتا ہے اور خواتین کی چوٹیاں کاٹ کر ان کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے خاموشی توڑنے اور حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ سفارتی محاذ گرم کرے ۔
انسانی تاریخ کا عظیم سانحہ:مزاحمتی خیمہ
سرینگر//مسلم لیگ، پیپلز لیگ، ماس مومنٹ اور پیپلز فریڈم لیگ کو انسانی تاریخ کا ایک عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دن دو قومی نظریے کے اصولوں کو پامال کرتے ہوئے جموں کشمیر کے لاکھوں لوگوں کی آرزؤں اور امنگوں پر شب خون مارا گیا ۔مسلم لیگ نے کہا ہے کہ27اکتوبر کو جموں و کشمیر کے عوام سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کاحق چھین لیا گیا جس کی وجہ سے جموں کشمیر میں ایک ایسے دور کا آغاز ہوا جس کا پل پل سسکیوں، آہ وبکا اور کربناک چیخوں کی نظر ہوا۔لیگ ترجمان نے 27 /اکتوبر کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان اس بات کو بخوبی جان چکا ہے کہ تقریباََ 70سال گذرنے کے باوجود کشمیری عوام نے اپنے مبنی بر حق جدوجہد سے انحراف کا راستہ نہیں اپنایا بلکہ انھوں نے اسے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے بیش بہا اور بے انتہا قربانیاں دی ہیں اور دی جارہی ہیں لہذا زمینی صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے اپنے اُن وعدوں کو عملی جامہ پہنانا چاہئے جو وعدے کشمیری عوام سے وقت وقت پر کئے گئے ہیں۔پیپلز لیگ کے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری ، ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی اورپیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ گزشتہ ستر برس سے کشمیرمیں بھارتی فوج کی موجودگی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیرکے بارے میں قراردادوں سے بھارت کا مسلسل انکار ہے۔