عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر میں موسمیاتی مرکز نے ہفتے کے روز جموں و کشمیر کے لیے موسم کی پیش گوئی جاری کی، جس میں 23 سے 26 اگست تک ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جموں، ریاسی، ادھم پور، سانبہ، کٹھوعہ، راجوری، پونچھ، رام بن، ڈوڈا اور کشتواڑ کے ساتھ ساتھ کشمیر ڈویژن کے جنوبی حصوں سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔ ایڈوائزری میں اس مدت کے دوران جموں و کشمیر کے دونوں ڈویژنوں میں شدید یا تیز بارش کے امکان سے خبردار کیا گیا ہے۔اس میں لکھا گیا ہے کہ کمزور علاقوں میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلوں، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور پتھروں کے گرنے کا بھی خطرہ ہے۔27 سے 31 اگست تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 1 سے 5 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ گرم اور مرطوب موسم کی اسی طرح کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ادھر گذشتہ ہفتے سونہ مرگ اور پیر کی گلی میں ہلکی برفباری کے بعد رازدان ٹاپ گریز پر تازہ برف باری ہوئی۔ رازدان ٹاپ پر ہفتے کے روز تازہ ہلکی برف باری ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ ہلکی برف باری کا آغاز صبح سویرے ہوا، حالانکہ بانڈی پورہ گریز سڑک ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھلی رہی۔ حکام نے پہاڑی راستوں پر پھسلن کی وجہ سے مسافروں کو محتاط انداز میں گاڑی چلانے کا مشورہ دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔