سرینگر//24ممالک کے سفارتکاروں پرمشتمل وفدجموں وکشمیر کے 2روزہ دورے کے سلسلے میں بدھ کی صبح سری نگر پہنچا ۔یورپی یونین،چلی ، برازیل ، کیوبا ، بولیویا ، ایسٹونیا ، فن لینڈ ، فرانس ، آئرلینڈ ، نیدرلینڈز ، پرتگال ، بیلجیم ، اسپین ، سویڈن ، اٹلی ، بنگلہ دیش ، مالاوی ، اریٹیریا ، کوٹ ڈی آئوائر ، گھانا ، سینیگال ، ملائیشیا ، تاجکستان اورکرغزستان کے سفارتکارسرینگرہوائی اڈے پرپہنچنے کے بعد ماگام بڈگام روانہ ہوئے،جہاں ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین نذیر احمد خان اور دیگر بلدیاتی نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد نذیر خان نے غیرملکی سفارتکاروںکوپنچایتی ،بلدیاتی اورڈی ڈی سی اداروں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ غیر ملکی سفراء کو پنچایتی راج ، بیک ٹو ولیج اور بلاک کے ذریعے شکایات کے ازالے کے بارے میں بتایا گیا۔غیرملکی سفارتکاروں نے ماگام بڈگام میں مقامی لوگوں کیساتھ بھی بات چیت کی ۔خاص کر فرانسیسی سفیر ایمانوئل لینین اور اٹلی کے سفیر ونسنزو ڈی لوکا نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔خیال رہے 5اگست2019کودفعہ 370کی منسوخی اورجموں وکشمیر کی تنظیم نوکے بعدیہ غیرملکی سفارتکاروں کاتیسرا دورہ ہے ۔ اس سے قبل پچھلے سال جنوری میں ، ہندوستان میں اس وقت کے امریکی سفیر کینتھ جوسٹر اور ویتنام ، جنوبی کوریا ، برازیل ، نائجیریا ، مراکش ، گیانا ، ارجنٹائن ، فلپائن ، ناروے ، مالدیپ ، فجی ، ٹوگو ، بنگلہ دیش کے سفیروں سمیت15 ممالک کے مندوبین نے جموں و کشمیر کا دورہ کیاتھا۔ بعدازاں فروری2020 میں ، جرمنی ، کینیڈا ، فرانس اور افغانستان سے آنے والے 25 غیر ملکی سفارت کاروں نے خطے کی زمینی صورتحال کا مشاہدہ کرنے جموں و کشمیر کا دورہ کیا تھا۔ماگام میں ڈی ڈی سی ممبران اورکچھ مقامی لوگوں کیساتھ بات چیت کرنے کے بعد24ممالک کے سفارتکاروںکایہ وفد دن کے لگ بھگ ساڑھے12بجے جھیل ڈل کے کنارے اورزبرون پہاڑکے دامن میں واقع للت ہوٹل پہنچ گیا، جہاں غیرملکی سفارتکاروں نے ظہرانہ کے دوران ،ڈی ڈی سی وبلدیاتی اداروں کے عہدیداروں بشمول میئرسرینگرمیونسپل کارپوریشن ،سیول سوسائٹی ممبران اورتاجرانجمنوں کے وفودکیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔اسکے بعد سفراء کا وفد درگاہ حضرتبل پہنچ گیا جہاں انہوں نے حاضری دی اور احاطے کا دورہ بھی کیا۔ واپسی پر سفراء کے وفد نے ایس کے آئی سی سی میں سیاسی ، سماجی، سیول سوسائٹی، تاجروں اور دیگر طبقوں اور گروپوں سے ملاقات کی اور شام دیر گئے میڈیا کیساتھ بات چیت بھی کی۔ سری نگرمیں رات گزارنے کے بعدغیرملکی سفارتکاروں کاوفد آج یعنی 18 فروری کو جموں کا دورہ کرے گا جہاں ان کی ملاقات عوامی، سماجی و سیاسی وفود سے ہوگی۔ اس دورے کا اہتمام مرکزی وزارت خارجہ کی طرف سے کیا گیا ہے۔