عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو سرینگر میں 23 ویں آل انڈیا پولیس واٹر سپورٹس چمپئن شپ 2023-24 (مردوزن) کا افتتاح کیا۔ٹورنامنٹ میں کل 30 ٹیمیں (20 مرد اور 10 خواتین) حصہ لے رہی ہیں جن میں تقریبا ً500 کھلاڑی اور 60 ٹیکنیکل آفیشلزاورٹیم منیجران شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں ڈی جی پی آر آر سوئن، اے ڈی جی پی آرمڈ، لا اینڈ آرڈر وجے کمار، چیئر مین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل سرینگر آفتاب ملک، پولیس، سیکورٹی فورسز اور یو ٹی انتظامیہ کے سینئر افسران، نامور کھلاڑی اور کھیلوں کے شائقین موجود تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام کھلاڑیوں، منتظمین اور کھیلوں کے شائقین کو ایک انتہائی کامیاب اور یادگارچمپئن شپ کیلئے خیر مقدم کیا اوراپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے جموں و کشمیر پولیس کو ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے پر مبارک باد دی اور کھیلوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں کی ہمہ گیر ترقی میں اس کے اہم کردار کی سراہنا کی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران، امن عامہ کو برقرار رکھنے اور شورش سے نمٹنے کے علاوہ جموں و کشمیر پولیس نے ایک میزبان کے طور پر 17 باوقار اور ہائی پروفائل آل انڈیا پولیس چمپئن شپ کو پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کرنے کے لئے ایک تاریخی مقام بنایا ہے۔انہوں نے کہا’’کھیل بالخصوص واٹرسپورٹس ، نظم و ضبط، ٹیم ورک کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ خوبیاں ان اصولوں سے مطابقت رکھتی ہیں جن کو ہمارے قانون عملانے والے اِدارے اَپنی کمیونٹیوں کی حفاظت کیلئے اپنے فرض میں برقرار رکھتے ہیں۔مقابلوں کے دوران سیکھے گئے اسباق ان اَقدار کا ثبوت ہیں جو ہماری پیشہ ورانہ زندگیوں کو تشکیل دیتے ہیں‘‘۔ایل جی نے مزید کہا کہ’ مجھے یقین ہے کہ دور ہ کرنے والے کھلاڑی اور ٹیم کے اَرکان جموں و کشمیر کی گرمجوشی اور شاندار مقامات سے لطف اندوز ہوں گے اور جموںوکشمیر یوٹی کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر واپس آئیں گے‘۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو قوم کے لئے بے لوث خدمات انجام دینے پر خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔