یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی 21ویں آسیان ہندوستان چوٹی کانفرنس اور 19ویں مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے 10سے 11اکتوبر تک لاس کے دورہ پر رہیں گے۔ مودی لا پیپلز ڈیموکریٹک ری پبلک کے وزیر اعظم سونیکسے سیفنڈون کی دعوت پر لاس کا دورہ کر رہے ہیں۔ سیفنڈن آسیان کے موجودہ چیئرمین ہیں۔ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی اس سال ایک دہائی مکمل کر رہی ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آسیان کے ساتھ تعلقات ایکٹ ایسٹ پالیسی اور ہمارے انڈو پیسیفک وژن کا مرکزی ستون ہیں۔آسیان-ہندوستان چوٹی کانفرنس ہماری جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے ذریعے ہند-آسیان تعلقات کی پیشرفت کا جائزہ لے گی اور تعاون کی مستقبل کی سمت کا تعین کرے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امکان ہے کہ مودی چوٹی کانفرنس کے موقع پر دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔