انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن آف انڈیا حتمی فیصلہ کریگا
سرینگر//چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا ریاست میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ لینے کے بارے میں 21جنوری کو نئی دہلی میںایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد کرنے جارہا ہے۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ جمعہ کو ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر نے اسی مناسبت سے جموں میںسیاسی جماعتوں کی ایک مشاورتی میٹنگ طلب کرلی ہے۔کشمیر عظمیٰ کو باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کے بعد ریاستی انتظامیہ کے افسران کی میٹنگ طلب کرلی ہے۔اس رپورٹ میں ریاست میں اسمبلی انتخابات کے بارے میں آراء پیش کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ 21جنوری کو چیف الیکشن کمیشن آفس میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہونے والی ہے جس میں شرکت کیلئے ریاستی انتظامیہ کے اہم افسران کو مدعو کیا گیا ہے۔ ریاست کے چیف سیکریٹری کے بی سبھرامنیم،ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ کے علاوہ دیگر اہم افسران میٹنگ میں شرکت کررہے ہیں۔میٹنگ میں ریاست میں مجموعی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی جائیگی۔ نیز ریاست میں اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات کو ملک کے عام انتخابات کیساتھ کرانے یا ملتوی کرنے کے بارے میں مشارت کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غالب امکان یہ ہے کہ میٹنگ کے بعد ہی الیکشن کمیشن انتخابات کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ لے گا۔دریں اثناء ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آئندہ اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر شیلندر کمار نے آج جموں میں سیاسی جماعتوں کی مٹنگ بلائی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ آفیسر نے نیشنل کانفرنس ،پی ڈی پی ،کانگریس ،بی جے پی سمیت کم وبیش تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو انتخابی عمل کا جائزہ یا احاطہ کرنے کیلئے میٹنگ میں شرکت کرنے کیلئے مکتوب روانہ کئے ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسرشیلندر کمار کی صدارت میں منعقدہ کل جماعتی میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ لیا جائیگا کہ آیا جموں کشمیر میں آئندہ اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات کا ایکساتھ کرائے جائیں یا نہیں ۔ میٹنگ کے بعد عین ممکن ہے کہ ریاست میں آئندہ انتخابی عمل کو حتمی شکل دی جائیگی ۔چیف الیکٹورل آفیسر کی سیاسی جماعتوں سے کی جانے والی میٹنگ کی رپورٹ چیف الیکشن کمیشن کو بھیج دی جائیگی، جس پر 21جنوری کو ہونے والی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں غور و خوض کیا جائیگا۔دریں اثناء پی ڈی پی نے گورنر کے بیان کو غلط اندازہ قرار دیا ہے جس میں موسوف نے کہا تھا کہ پی ڈی پی کے بغیر سبھی جماعتیں چنائو کیلئے تیار ہیں۔ نظام الدین بٹ نے کہا کہ انکی پارٹی بھی الیکشن کیلئے تیار ہے۔
ووٹر بیداری فورموں کا آغاز
نیوز ڈیسک
جموں//الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے سے شروع کئے گئے قومی سطح کے ووٹر بیداری فورموں کے ایک حصہ کے طور پر چیف الیکٹورل آفیسر جموں وکشمیر شیلندر کمار نے آج ایک تقریب کے دوران ریاست میں بھی اس مہم کی شروعات کی۔اس موقعہ پر کافی تعداد میں نوڈل آفیسر، اعلیٰ سرکاری افسران ، بشمول جوائنٹ سی ای او رمن کمار کیسر بھی موجود تھے۔ وی اے ایف کو ریاست کے تمام ضلعوں میں بھی متعلقہ ضلع الیکشن افسروں کی طرف سے آغاز کیا گیا۔اس موقعہ پر کافی تعداد میں سرکاری افسر ان بھی موجو د تھے۔وی اے ایف کے ذریعے سے وی اے ایف کے ارکان میں چنائو عمل کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں جانکاری پیدا کی جاتی ہے ۔ اِ س دوران مباحثوں ، سوالات اور جوابات او دیگر مقابلوں کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔تمام محکموں کے ملازمین اِس فورم کے ارکان بن سکتے ہیں ۔اس موقعہ پر سی ای او نے شرکأ کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران مختلف صلاحیتوں او ر کرداروں میں چنائو عمل کے مختلف پہلوئوں کو محفوظ کرنے کا کام کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ مختلف محکموں کے نوڈل افسروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو چنائو عمل کے مختلف تقاضوں سے روشناس کرائیں۔تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ چنائو عمل میں شرکت کرسکیں۔سی ای او نے کہا کہ ووٹر جانچ اور اطلاعات کی مہم کی بدولت متعلقین ای سی آئی کے آن لائن این وی ایس پی یا پھر ہیلپ لائن نمبر1950 کے ذریعے سے چنائو فہرست پر درج جانکاری حاصل کرسکتے ہیں۔افسروں کو وی اے ایف کے مختلف امور کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔جوائنٹ سی ای او نے بھی اس موقعہ پر شرکا ٔ کو نوڈل افسروں اوردیگر سرکاری اہلکاروں کے رول کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے کہا کہ چنائوعمل کے طور طریقوں سے روشناس کرانے سے جمہوری عمل کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔سٹیٹ نوڈل آفیسر ایس وی ای ای پی ریاض احمد نے تقریب کی کارروائی انجام دی۔