یو این آئی
نئی دہلی//حکومت نے بدھ کولوک سبھا میں بتایا کہ ہندوستان 2040میں ہندوستانی نژاد شخص کو چاند پر بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت(آزادانہ چارج)جتیندر سنگھ نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہندوستان سال 2040میں ہندوستانی نژاد شخص کو چاند پر اتارنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے اہم خلائی مشن چندریان 4سال 2027میں لانچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسی طرح سال 2028 میں وینس مشن کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ہر ریاست خلائی ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہے اور اس سے مختلف فوائد حاصل کیے جا رہے ہیں۔ خلائی ٹیکنالوجی صرف راکٹ لانچ تک محدود نہیں ہے۔ کئی علاقوں میں اس کے استعمال سے اس کے فوائد حاصل کیے جا رہے ہیں۔ سنگھ نے ہندوستانی نژاد امریکی خلاباز سنیتا ولیمز کی بدھ کی صبح 3.47بجے زمین پر بحفاظت واپسی کو ایک قابل فخر لمحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ لمحہ فخر اور راحت سے بھرپور ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ولیمز کو لکھا ہے’’ہم آپ کی واپسی پر ہندوستان میں آپ کو دیکھنے کے منتظر ہیں، ہندوستان کی سب سے شاندار بیٹیوں میں سے ایک کی میزبانی کرنا خوشی کی بات ہوگی‘‘۔