سرینگر//دو سال کے وقفے کے بعد درگاہ حضرتبل میں معراج العالمؐ کی تقریب منعقد ہوئی۔ جمعہ کواس موقعہ پر برستی بارش کے باوجود لوگوں کی بہت بڑی تعداد جمع تھی جو موئے مقدس کی زیارت سے فیضیاب ہوئے۔پچھلے سال 2020میں مارچ کے مہینے سے کورونا لاک ڈائون کے بعد معراج العالمؐ کی تقریب منعقد نہیں ہوسکی تھی اور دو سال کے بعد جمعہ کو اس تقریب کا اہتمام ممکن ہو سکا۔ کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے سبھی مذہبی اجتماعات ،حتیٰ کہ عیدین کی نمازوں کی بھی اجازت نہیں دی گئی اور عید میلاد النبیؐ کی مقدس تقریب بھی نہیں منائی گئی۔ قریب ایک سال کے بعد درگاہ میں کوئی بہت بڑا مذہبی اجتماع منعقد ہوا ہے حالانکہ وقف بورڈ نے شب خوانی کی مجالس منسوخ کی تھیں البتہ موئے مقدس کی زیارت کا اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔وادی بھر میں بھی کوئی شب خوانی کی مجلس منعقد نہیں کرائی جاسکی اور خانقاہوں و مساجد میں اس طرح کی روایتی محفلیں آراستہ نہیں ہوسکیں۔عمومی طور پر وادی بھر میں معراج العالمؐ کی تقریب کے موقعہ پر بڑے اجتماعات منعقد ہوتے آئے ہیں لیکن اس سال ایسا نہ ہوسکا۔جمعہ کو درگاہ حضرتبل میں برستی بارشوں کے باوجود ہزاروں کی تعدادمیںعقیدت مند وادی کے اطراف واکناف سے آئے تھے ،جہاں وہ نماز جمعہ کے بعدموئے مقدسؐ کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔خواتین زائرین کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقعہ پر موجود تھیں ۔تاہم لگاتار بارش کی وجہ سے زیادہ تعداد میں لوگ نہیں آسکے۔تاہم وقف بورڈنے عقیدتمندوں کیلئے انتظامات کئے تھے۔ زائرین کوراحت پہنچانے کیلئے انتظامیہ اورکچھ غیرسرکاری تنظیموں واداروں کی جانب سے خصوصی سٹال رکھے گئے تھے۔ محکمہ بجلی اورمحکمہ جل شکتی کی جانب سے اس پورے علاقے میں جمعرات کی شام سے ہی بجلی وپانی کی بغیرخلل سپلائی کویقینی بنایا گیا۔ جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ، اہم شریف بانڈی پورہ کے ساتھ ساتھ،پنجورہ شوپیان،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان،کعبہ مرگ اور دیگر کئی مقامات پرواقع زیار ت گاہوں،آستانوں اور مساجد میں بھی روح پرور تقاریب کا اہتمام ہوا۔