عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حکومت نے پیر کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کو 2019 سے بھرتی روکنے کی وجہ سے اساتذہ کی شدید کمی کا سامنا ہے، جبکہ پچھلے 2برسوں میں کسی بھی سکول کو اپ گریڈ نہیں کیا گیا ہے، کیونکہ حکومت کے پاس اسکولوں کی اپ گریڈیشن کے لیے فی الحال کوئی پالیسی نہیں ہے۔ ممبراسمبلی ارجن سنگھ راجو کے ایک سوال کے جواب میں، وزیر تعلیم سکینہ مسعود ایتو نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ اساتذہ کی بھرتی کا عمل ریاستی انتظامی کونسل کے فیصلے کے بعد2019 سے تعطل کا شکار ہے۔ رہبر تعلیم کے اساتذہ کی گریڈ II اور گریڈ III کی پوسٹوں پر تبادلوں کو بھی روک دیا گیا ہے جس سے عملے کی دستیابی مزید متاثر ہو رہی ہے۔ ریشنلائزیشن، کلسٹر ریسورس کوآرڈینیٹرز مصروفیت، اور ترقیوں کے ذریعے کوششوں کے باوجود، کمی برقرار ہے۔ وزیرتعلیم نے کہاکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، جموں و کشمیر میں 18,723 سرکاری اسکول ہیں، جن میں 8943 پرائمری اسکول، 7255 مڈل اسکول، 1744 ہائی اسکول، اور 781 ہائیر سیکنڈری اسکول شامل ہیں۔ کلسٹر ریسورس کوآرڈینیٹرس سمیت اساتذہ کی کل تعداد78,721 ہے۔ انہوںنے مزیدکہاکہ سال2023 سے، 1498 کلسٹر ریسورس کوآرڈینیٹرس کو 25ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ کے ساتھ عارضی طور پر رکھا گیا ہے، لیکن2019 کے بعد کسی بھی کنٹریکٹ پر اساتذہ یا لیکچرار کی خدمات حاصل نہیں کی گئیں۔ وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے یہ بھی کہاکہ پچھلے2سالوں میں کسی بھی سکول کو اپ گریڈ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس وقت سکولوں کی اپ گریڈیشن کے لیے کوئی پالیسی موجود ہے۔