یو این آئی
سرینگر//وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک ٹریکر کے پاس ہمالیائی علاقے میں 200 خوبصورت الپائن جھیلوں کو تلاش کرنے کا ریکارڈ ہے جو ممکنہ طور شمالی ہمالیہ علاقے کا پہلا ٹریکر ہے جو اس منفرد اعزاز سے سرفراز ہے۔ تنویر خان ساکن بٹہ مالو کو تنہ خان اور ’اربن خانہ بدوش‘ کے ناموں سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔موصوف کو کشمیر میں نامعلوم اور غیر مانوس جگہوں کو منظر عام پر لانے کا شوقین ہے ۔پاتھ فائینڈرز نامی ٹریکر گروپ کے صدر تنویر خان کا کہنا ہے’’بالآخر ہر کوئی پر سکون زندگی گذر بسر کرنا چاہتا ہے۔ اکثر لوگ زندگی میں خوشی چاہتے ہیں خوشی کے حصول کے طریقے مختلف ہیں، ہر کسی کی اپنی ایک الگ منزل ہوتی ہے، ہم آہنگی حتمی مقصد ہوتا ہے مجھے اپنے حصے کا سکون پہاڑوں میں ملتا ہے، جہاں فطرت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی ہوتی ہے‘۔