بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے جموں کشمیر میں نبارڈ اور دیہی انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت210کروڑ روپے مالیت کے14پروجیکٹوں کو انتظامی منظوری دی۔ ان پروجیکٹوں میں8اہم نوعیت کے پروجیکٹ وادی اور6جموں صوبے میں شروع کئے جائے گے۔ ان پروجیکٹوں میں8پلوں کی تعمیر اور کئی ایک سڑکوں کی تعمیر و انہیں وسعت دینے کا بھی منصوبہ ہے۔ وادی کے3اضلاع میں115کروڑ اور جموں کے5اضلاع میں95کروڑ کی لاگت سے شروع ہونے والوں ان منصوبوں سے لوگوں کی دیرینہ مانگ پوری ہوگی اور ٹریفک کی نقل و حمل ہموار ہونے کے علاوہ لاکھوں کی آبادی مستفید ہوگی۔ ان منصوبوں میں گنگ بگ پل اہم نوعیت کا پروجیکٹ ہے جس سے ریلوے ا سٹیشن بڈگام تک جہاں شہر کے ٹریفک کی رسائی آسان ہوگی وہیں بڈگام کے ضلع ہیڈ کواٹر تک متبادل سڑک بھی تیار ہوگی۔
محکمہ تعمیرات عامہ کے پرنسپل سیکریٹری شیلندر کمار نے کہا ہے کہ گنگ بگ میں40میٹر لمبا اور5میٹر چوڑا ٹرس گریڈر پل15کروڑ53لاکھ53ہزار روپے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا۔ بڈگام میں ہی کھاگ میں مشہور ستھارن،توسہ میدان روڑ کی تجدید بھی13کروڑ32لاکھ26ہزار روپے کی لاگت سے ہوگی۔21کلو میٹر کی سڑک قریب52علاقوں کے مقامی لوگوں کیلئے شہہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس سڑک کو2حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس آری پانتھن سے درنگ اور درنگ سے ستھارن شامل ہے۔ 2008 میں شروع ہونے والی اس سڑک کی تعمیر ابھی تک نامکمل ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چند سال قبل کھاگ سے سوش تک3کلو میٹر کے فاصلے پر کام شروع کیا ،تاہم بعد میں اس کام کو بھی بند کیا گیا۔ درنگ سے ستھارن تک2016میں ایک پروجیکٹ بنایا گیا اور5برس میں مکمل کرنا تھا۔مقامی سرپنچ فیروز احمد کا کہنا ہے کہ 12کرور روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کیلئے اس کو نبارڈ کے تحت متعلقہ ایجنسیوں کوسونپا گیا،تاہم کچھ کام شروع کرکے اس کو بھی بند کیا گیا اور رقومات بھی لیپس ہوگئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر سڑک کی مرمت کی جائے اور اس کو بہتر کیا جائے توسہ میدان میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،اور لوگوں کا روزگار بھی بہتر ہوگا۔بڈگام میں ہی چیو ڈارہ بیروہ میں3میٹر چوڑے اور37میٹر لمبے ٹرس گریڈر پل کو بھی منظوری ملی ہے۔انتظامی منظوری ملنے والے پروجیکٹوں میں ضلع گاندربل میں چونٹ ولی وار سے لیکر موہن مرگ اورلالمرگ تک سڑک کی تعمیر کا منصوبہ بھی ہے جس پر11کروڑ53 لاکھ79ہزار روپے کی لاگت آئے گی ۔گاندربل میں ہی نالہ سندھ پر 50میٹر لمباپھری بل،ٹاکنو اری سٹیل گریڈر پل کی تعمیر کو14کروڑ87لاکھ37ہزار روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کو منظوری ملی ہے۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں جبلی پورہ کی اندرونی سڑکوںتلہ خان حمزہ پورہ،ڈونی پورہ اور حسن پورہ کی رابطہ سڑکوںکی تجدید و مرمت کیلئے14کرور32لاکھ33ہزار روپے کی انتظامی منظوری مل گئی ہے۔ جموں کے پروجیکٹوں میں ضلع جموں میںپکی والا سے پانگری میں سرک کی وسعت اور تجدید کے علاوہ سما نالہ پر گرئیڈر پل کی تعمیر کیلئے13کروڑ 12لاکھ91ہزار جبکہ پونچھ میں ستھارہ کے مقام پر منڈی نالہ پر پل اور فٹ پاتھ کی تعمیر کیلئے11کروڈ93لاکھ94ہزار اور ریاسی میں ڈنگا کوٹ سے موہالی تالاب تک سڑک کی تعمیر کیلئے 18کروڑ50لاکھ روپے کی انتظامی منظوری مل گئی ہے۔ ضلع ڈوڈہ میں گری نالی گوٹھا تحصیل بھگوا تک6کلو میٹر کی سڑک کی تعمیر کیلئے پہلے مرحلے میں14کروڑ20لاکھ جبکہ ٹھاٹری سے بھوتانہ تک رابطہ سڑک کی تعمیر کیلئے17کرور 29لاکھ93ہزار اور ادھمپور میں مجالتہ رابطہ سرک پرگامبیر نالہ پر پل کی تعمیر کیلئے19کروڈ 3لاکھ96ہزار روپے کی رقم کی انتظامی منظوری مل گئی ہیے۔