جموں //ریاستی انتظامی کونسل میٹنگ گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں 2015 بیچ کے آئی پی ایس افسروں سدھانشو ورما اور سندیپ گپتا کو آئی پی ایس کے سینئر ٹایم سکیل میں ترقی کو دینے کو منظوری دی گئی ۔ میٹنگ میں بنیادی نوعیت کے اہم پروجیکٹوں کیلئے درکار مشینری ، آلات اور دیگر مواد پر ٹول ٹیکس نہ لگنے کے عمل کو منظوری دی گئی ۔ واضح رہے کہ ریاست میں عملائے جا رہے اہم پروجیکٹوں کیلئے درکار مشینری ، آلات اور دیگر مواد پر ٹول ٹیکس عائد کرنے سے ان پروجیکٹوں کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔میٹنگ میں ویٹرنری ڈاکٹروں کے حق میں تیسری ٹائم بائونڈ پروموشن دینے کو منظوری دی گئی ۔ ویٹرنری ڈاکٹر جنہوں ملازمت کے دس سال اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر جنہوں نے ملازمت کے سات سال مکمل کئے ہوں پہلے ٹائم بائونڈ پروموشن کے حقدار ہوں گے جبکہ پندرہ سال مکمل کرنے والے ویٹرنری ڈاکٹر دوسرے ٹائم بائونڈ پروموشن کے مستحق ہوں گے ۔میٹنگ میں منعقد آئی سی ڈی ایس سکیم کے تحت سپلی مینٹری خوراک حاصل کرنے کیلئے غیر مرکوز پالیسی کو منظوری دی گئی ۔ نئی پالیسی کے مطابق غذائی اجناس حلقہ ، پنچائیتوںاور میونسپل وارڈ سطحوں پر خریدی جائیں گی ۔ ۔ ضلع سطح کی مانیٹرنگ کمیٹی ضلع ترقیاتی کمشنر کی نگرانی میں ماہانہ کی بنیادوں پر آئی سی ڈی ایس سکیم کے مختلف پہلوؤں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا کرے گی ۔میٹنگ میں سندری بنی نوشہرہ میں ڈگری کالج کی تعمیر کے لئے جنگلاتی اراضی کو منتقل کرنے کو بھی منظوری دی گی ۔ میٹنگ میں جن پروجیکٹوں کے لئے جنگلاتی اراضی کی منتقلی کو منظوری دی گئی اُن میں چننئی ۔ سدھ مہادیو قومی شاہراہ 244 ، آر ایس پورہ۔ سچیت گڈھ سڑک کو توسیع دینے ، بابا ریشی میں واٹر سپلائی سکیم ، آلسٹینگ سے لیہہ تک ترسیلی لائن کے لئے ٹاورں کی تنصیب ، رام نگر میں فائر اینڈ ایمرجنسی سٹیشن کی تعمیر ، کشتواڑ اور اودھمپور اضلاع میں موبائیل فون ٹاوروں کی تنصیب ، پونچھ ، راجوری اور بانڈی پورہ اضلاع میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کی تعمیر ، جوڑیاں میں دریائے چناب پر 1640میٹر لمبے پل کی تعمیر اور فوج و جی آر ای ایف کے کئی اہم پروجیکٹ شامل ہیں ۔میٹنگ میں ڈوڈہ میں ایک کیندر ودھیالیہ قائم کرنے کیلئے جودھ پور گاؤں میں 100 کنال اور 14 مرلہ اراضی کو تفویض کرنے کو منظوری دی گئی ۔ جودھ پور میں کیندریہ ودھیالیہ قائم کرنے سے وہاں کے طلاب کو معیاری تعلیم کی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔