سمت بھارگو
راجوری// علاقے میں دو مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کو جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔پولیس نے بتایا کہ تلاشی مہم ضلع ریاسی کی پونی تحصیل کے بدووا گائوں میں شروع کی گئی۔پولیس کے مطابق”مقامی لوگوں نے دو مشتبہ افراد کو گائوں کے ساتھ جنگل کے علاقے میں جاتے ہوئے دیکھا ۔ اطلاع ملنے کے بعدجموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ آپریشن شروع کیا ہے‘‘۔پچھلے دو مہینوں میں جموں ڈویژن میںملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم کے دوران سینکڑوں سیکورٹی اہلکار، ملی ٹینٹ اور عام شہری مارے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق 40-50 غیر ملکی ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ جموں ڈویژن کے پہاڑی اضلاع میں کام کر رہا ہے۔انہوں نے جموں ڈویژن کے کٹھوعہ، ڈوڈہ، راجوری، پونچھ، ریاسی، ادھم پور اور رامبن اضلاع میں فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے خلاف گھات لگا کر حملے کیے ہیں۔فوج نے ملی ٹینٹوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ان تمام اضلاع میں 4000 سے زیادہ اعلی تربیت یافتہ سپاہیوں کو تعینات کیا ہے جن میں ایلیٹ پیرا کمانڈوز اور پہاڑی جنگ میں تربیت یافتہ افراد شامل ہیں۔