سرینگر/بلال فرقانی/ حکومت نے انتظامیہ میں ردو بدل کرتے ہوئے2سینئر آئی اے ایس افسران کے تبادلے عمل میں لائے۔اس دوران سیکریٹریٹ گزیٹیڈ سروس کے4افسران کو سلیکشن گریڈ (انڈر سیکریٹری) کے زمرے میں لایا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ سماجی بہبود بشیر احمد ڈار کو تبدیل کرکے جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن کا سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے جبکہ آئی سی پی ایس کی مشن ڈائریکٹر شبنم کاملی تا حکم ثانی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل سوشیل ویلفیئر کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن کے سیکریٹری راج کمار کٹوچ کو تبدیل کرکے مزید تقرری کیلئے عمومی انتظامی محکمہ میں انتظار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایک اور علیحد ہ حکم نامہ کے مطابق’ایس بی ایم‘ اربن کے مشن ڈائریکٹر ابھشیک شرما کو اپنی ذمہ دایروں کے علاو’این یو ایل ایم‘ کے مشن ڈائریکٹر کا اضافی چارج تفویض کیا گیا جبکہ امرت دوئم کے مشن ڈائریکٹر اکشے لبرو کو وزیر اعظم آواس یوجنا کے مشن ڈائریکٹر کا اضافی چارج دیا گیا۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے ایک اور حکم نامہ کے مطابق محکمہ جیالوجی اینڈ مائننگ کی سٹور اسسٹنٹ گریڈ فسٹ جسمیت کور ،جو کہ فی الوقت سنیئر ڈرلنگ انجینئر کے دفتر میں تعینات تھی، کو تبدیل کرکے مرکزی زیر انتظام لداخ میں2برسوں یا جب تک انہیں واپس طلب نہیں کیا جاتا، ڈیپوٹیشن پر روانہ کیا گیا۔ اس دوران سیکریٹریٹ گزیٹیڈ سروس کے4افسراں کو سلیکشن گریڈ(انڈر سیکریٹری) سے نوازا گیا۔ منگل کو جاری ایک اور حکم نامہ کے مطابق ان افسران میں سنجے کمار تکو،بنسی لال شرما، سنجے پنڈتا اور سوشیل کمار متو شامل ہیں۔