سرینگر //ریاستی سرکار نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں پچھلے2برسوں میں 10ہزارسے زیادہ سڑک حادثات رونما ہوئے ہیں جس میں 1749افراد ہلاک ہوئے ہیں۔۔اس دوران سرکارنے انکشاف کیاکہ گزشتہ3برسوں کے دوران فوجی ،فورسزاورپولیس کی گاڑیاں137سڑک حادثات کاموجب بنیں ہیں اوراس دوران90جانیں تلف ہوئیں ۔قانون ساز اسمبلی میں ممبر اسمبلی عیدہ گاہ مبارک گل نے ریاستی سرکار سے حادثات کے متعلق جواب طلب کیا تھا جس کے جواب میں سرکار نے اس بات اپنے ایک تحریری جواب میں کہا کہ گزشتہ2برسوں کے دوران ریاست جموں وکشمیر میں 10ہزار160سڑک حادثات میں ایک ہزار749افراد جاں بحق ہوئے ۔ ممبر اسمبلی عید گاہ مبارک گل کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سال 2016میں ریاست بھر میں رونما ہوئے5ہزار501سڑک حادثات میں 958افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سال2017میں ماہ اکتوبرکے اوآخرتک ریاست میں 4ہزار659سڑک حادثات میں 791افراد ازجان ہوئے ۔اس دوران قانون ساز کونسل کی ممبر رانی بلوریا کے ایک سوال کے تحری جواب میں سرکار نے بتایاکہ پچھلے 3برسوں کے دوران فوجی ،فورسز،پولیس اوردیگرسرکاری گاڑیوں کی وجہ سے137سڑک حادثات رونماہوئے اوران حادثات میں 90عام شہری لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایسے سڑک حادثات کے دوران175سے زیادہ افرادزخمی بھی ہوئے ۔