بلال فرقانی
سرینگر// سرکار نے جموں کشمیر انتظامی سروس کے2افسران کے تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائیں۔سرکاری آرڈر کے مطابق انتظامیہ کے مفاد میں بلاک ڈیولپمنٹ افسر کشٹی گڑھ ڈوڈہ انوپ کمار، کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کا ایڈمنسٹریٹو آفیسر کا اضافی چارج بھی تفویض کیا گیا ہے۔آرڈر کے مطابق ریلیف و باز آبادکاری کمشنر (مائیگرنٹ) کے تحصیلدار نمرتا بھان،جن کو ڈپٹی لیبر کمشنر نئی دہلی کے دفتر میں اسسٹنٹ لیبر کمشنر کے طور پر تبدیل کیا گیا تھا،کو تبدیل کرکے ریذیڈنٹ کمیشن نئی دہلی میں بطورمنیجر تعینات کیا گیا۔
اس دوران محکمہ بجلی کے انچارج جیالوجسٹ(انجینئر) ڈاکٹر رومیشن کمار کیتھ،جو فی الوقت کرگل میں تعینات تھے کو واپس طلب کرکے مزید تقرری کیلئے محکمہ بجلی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔اس دوران محکمہ داخلہ کے ایک حکم نامہ کے مطابق22اگست2022 کو جاری سرکاری آرڈر میں جزوی ترمیم کی گئی اور آئی آر پی کے5ویں بٹالین سے وابستہ ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ آف پولیس سنیل کمار،جنہیں لداخ میں ڈیپوٹیشن پر روانہ کیا گیا تھا،کو جموں کشمیر میں ہی تعینات کیا جا رہا ہے۔ محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری( فائناشل کمشنر) راج کمار گوئل کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ اس تناظر میں اونتی پورہ،شوپیاں، پلوامہ’ سی آئی ڈی‘ کے ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ گلزار احمد ماگرے کو فوری طور پر2برسوں کیلئے مرکزی زیر انتظام لداخ میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ مذکورہ پولیس افسر کو ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ آف پولیس عاشق حسین ملک کے متبادل کے طور پر تعینات کیا جا رہا ہے۔