یو این آئی
نئی دہلی// 18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سمیت نو منتخب اراکین پارلیمنٹ کی حلف برداری کے ساتھ شروع ہوا۔مرکزی وزراء امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، نتن گڈکری، شیوراج سنگھ چوہان، دھرمیندر پردھان، گری راج سنگھ، سروانند سونووال، پیوش گوئل، جیوتیرادتیہ سندھیا، بھوپیندر یادو، کرن رجیجو،مانسکھ منڈاویہ، پرہلاد جوشی، ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جی کشن ریڈی سمیت اراکین نے لوک سبھا کے ارکان کے طور پر حلف لیا۔این ڈی اے کی اتحادی پارٹیوں کے مرکزی وزراء ایچ ڈی کمارسوامی، چراغ پاسوان، رام موہن نائیڈو، انوپریہ پٹیل نے بھی لوک سبھا کے ارکان کی حیثیت سے حلف لیا۔تقریباً 280 نومنتخب ارکان نے حلف لیا جبکہ بقیہ 260 ارکان پارلیمان بشمول کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی آج حلف لیں گے۔بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ رادھا موہن سنگھ اور فگن سنگھ کلستے نے بھی چیٔرپرسن پینل کے ارکان کے طور پر حلف لیا۔تاہم کانگریس ایم پی کے سریش، ڈی ایم کے ایم پی ٹی آر بالو اور ٹی ایم سی کے سدیپ بندیوپادھیائے نے پینل کے ارکان کے طور پر حلف برداری کی کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔اس سے پہلے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بھرتروہری مہتاب کو لوک سبھا کے پروٹیم اسپیکر کے طور پر حلف دلایا۔انہوں نے نو منتخب اراکین پارلیمنٹ کو حلف دلانے میں پروٹیم اسپیکر کی مدد کرنے کے لیے سریش کوڈی کنل، تھالیک کوٹائی راجوتیور بالو، رادھا موہن سنگھ، فگن سنگھ کلستے اور سدیپ بندیوپادھیائے کو بھی مقرر کیا۔لوک سبھا اسپیکر کا انتخاب 26 جون کو ہو گا، جس کے بعد اگلے دن، 27 جون کو دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا خطاب ہوگا۔ اجلاس تین جولائی کو ختم ہوگا۔قبل ازیں، پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کو چلانے کے لیے تال میل کے متمنی ہیں۔ رجیجو نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ پارلیمانی امور کے وزیر کی حیثیت سے پارلیمنٹ کے اراکین کی مدد کے لیے ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔رجیجو نے مزید کہا “18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس آج 24 جون 2024 کو شروع ہو رہا ہے۔ میں تمام نو منتخب معزز اراکین کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ میں پارلیمانی امور کے وزیر کی حیثیت سے ممبران کی مدد کے لیے ہمیشہ دستیاب رہوں گا۔
نڈا راجیہ سبھا میں ایوان کا لیڈر مقرر
یو این آئی
نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر اور مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا میں حکمراں جماعت کا لیڈر بنایا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق پیوش گوئل کی جگہ نڈا کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کیونکہ گوئل حال ہی میں ہوئے انتخابات میں کامیابی کے بعد لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ نڈا گزشتہ فروری میں ایک بار پھر راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے پہلے سے ہی راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ یہ اتفاق ہے کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں کے صدور راجیہ سبھا کے ممبر ہیں اور ایوان میں اہم ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں۔