عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں میں جاری 18ویں کرسمس گولڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں کشمیر یونائیٹڈ کی شاندار فتح ملی ۔گزشتہ روز کے فٹ بال میچز میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ پہلے میچ میں کشمیر یونائیٹڈ ایف سی نے جموں اسپورٹس ایف سی کو زبردست کارکردگی کے ساتھ 8-2 سے شکست دے دی۔جموں اسپورٹس ایف سی کے لئے ابھینیت سنگھ نے 14ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جبکہ الیاس نے 47ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کیا تاہم کشمیر یونائیٹڈ ایف سی نے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ یکطرفہ بنا دیا۔کشمیر یونائیٹڈ کے لئے گول اسکور کرنے والے کھلاڑی مجیب نے 22ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔عزیز نے 22ویں، 55ویں، 57ویں اور 61ویں منٹ میں چار شاندار گول اسکور کئے۔جزلان نے 66ویں اور 69ویں منٹ میں دو گول کئے۔واجد نے 70ویں منٹ میں آخری گول کیا، جس نے ٹیم کی برتری کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔دوسرے میچ میں پرام ایف سی نے جے کے بینک اکیڈمی کو 3-0 سے شکست دی۔ پرام ایف سی کی مضبوط کارکردگی نے ٹیم کو فتح دلائی۔میچز کے مہمان خصوصی شری آیوش گپتا (مالک ڈگر حویلی، سانبہ) تھے، جن کے ہمراہ بین الاقوامی کھلاڑی رمیش چندر، آرگنائزنگ سیکریٹری یوسف ڈان، ڈیوڈ مسیح، کمل جیت، رتن لال، نتن سنگھ اور مون اسٹیفن موجود تھے۔