اشفاق سعید
سرینگر// محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز کہاکہ آنے والے دنوںمیں جموں وکشمیرمیں دن کے درجہ حرارت میں قابل قدر اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایاکہ جموں وکشمیرمیں 12مارچ تک خشک موسم کے ساتھ بنیادی طور پر مطلع صاف اور جزوی طور پر ابر آلودرہے گا۔انہوںنے کہاکہ13مارچ کو مطلع ابرآلود ہونے کے بیچ کچھ الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش ہونے کاامکان ہے۔ڈاکٹر مختار نے کہاکہ17 مارچ تک موسم عمومی طور پر خشک رہنے کاامکان ہے ،اوراس بناء پر آنے والے دنوںمیں پورے جموں وکشمیرمیں دن کے درجہ حرارت میں قابل قدر اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ منگل اوربدھ کی درمیانی رات گلمرگ ،پہلگام اور کپوارہ میں درجہ حرارت کم ریکارڈ کیاگیا۔ گلمرگ میں منفی 1.6 ،پہلگام میں منفی1.7 اور کپوارہ میں 0.2ڈگری یکارڈ کیاگیا۔بدھ کے دن کے درجہ حرارت میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے کو ملا۔بدھ کو دن میںپلوامہ میں سب سے زیادہ 25.1ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر میں دن کا زادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21.1رہا۔پہلگام میں 17.1،کوکر ناگ میں 19.4اور گلمرگ میں 10.4ریکارڈ کیا گیا۔
شاہراہ پر ٹریفک میں خلل
نیوز ڈیسک
رام بن // ایس ایس پی رام بن موہتا شرما نے بتایا کہ پتھرگرنے کی وجہ سے بدھ کی شام سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مہاڑ کے مقام پر بدھ کی شام پتھر گرنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کے فوراً بعد گاڑیوں کی آمد و رفت بند کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دونوں طرف سے ٹریفک رک گئی ہے اور کلیئرنس کے بعد دوبارہ شروع ہو جائے گا، لہٰذا احتیاط سے سفر کریں۔
سونہ مرگ لیہہ شاہراہ
۔15مارچ کو بحالی کا امکان
غلام نبی رینہ
کنگن//سرینگر لیہ شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام دونوں طرف سے شدو مد کے ساتھ جاری ہے۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق جہاں امسال شدید برفباری ہوئی ہے وہی امسال سرینگر لیہ شاہراہ کو وقت سے پہلے کھول دینے کے لئے پروجیکٹ وجیک اور باڈر روڈ آرگنائزیشن نے دونوں طرف سے برف ہٹانے کا کام جلد ہی شروع کردیا ہے تاکہ شاہراہ کو جلد آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے گا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پروجیکٹ وجیک نے بدھ کو شیطانی نالہ دراس سے تین کلو میٹر آگے تک برف ہٹایا ھے جبکہ سونہ مرگ کی طرف سے باڈر روڈ آرگنائزیشن نے پانی متھہ ذوجیلا تک برف ہٹایا ہے۔ بیکن ذرائع نے بتایا کہ اگر موسم صاف رہا تو 15مارچ تک لیہ شاہراہ کو آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے گا تاکہ ماہ رمضان کے مقدس ماہ میں کرگل اور لداخ کے عوام کو تازہ سبزی اور اشیاء خوردونوش کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس دوران بدھ کو ایس ایس پی ٹریفک رول نے بھی زوجیلا کا دورہ کرکے برف ہٹانے کے کام کا جائزہ لیا واضح رہے کہ امسال برفباری کی وجہ سے ذوجیلا سڑک کو چھ جنوری کو آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا تھا۔ اس طرح سے امسال سرینگر لیہ شاہراہ کو ابھی تک 62روز آمدورفت کے لئے بند ہوگیا جبکہ یہ شاہراہ اکثر چھ ماہ تک بھاری برفباری کی وجہ سے بند ہوجاتا تھا جس کے باعث خطہ لداخ کا رابطہ وادی کشمیر کے ساتھ منقطع ہوتا تھا تاہم گذشتہ دو برس سے لداخ شاہراہ صرف دو سے اڈھائی ماہ تک بند رہتا ہے۔