وادی ، خطہ پیر پنچال اور چناب میں بارشیں ، گریز روڑ،سنتھن اور مرگن ٹاپ سڑکیں بند
اشفاق سعید
سرینگر // انڈین میٹرالجیکل محکمہ نے سنیچر کے روز ایک ’اورینج‘الرٹ جاری کیا، جس میں جموں و کشمیر، لداخ سمیت ہماچل پردیش کے کچھ حصوں میں شدید بارش اور برف باری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائوں کا یہ تازہ مرحلہ 17 اکتوبر تک شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کو متاثر کرے گا۔ جموں وکشمیر میں محکمہ کی پیشگوئی کے عین مطابق سنیچر کو میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے 14سے 17اکتوبر تک بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشیں اور برف باری ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا ۔ 13اور14اکتوبر کی درمیانی شب سرینگر سمیت جموں وکشمیر کے متعدد میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں، اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوئیں، جو سنیچر کی دوپہر تک وقفے وقفے سے جاری رہیں ۔
علاوہ ازیں کپوارہ اور بارہمولہ اضلاع میں کنٹرول لائن کے نزدیک واقع بالائی علاقوں میں معمولی برف باری بھی ہوئی اور کچھ ایک مقامات کی پہاڑیوں پر سفید پرت بچھ گئی۔ گلمرگ، اوڑی، نوگام ہندوارہ اور سادھنا ٹاپ کپوارہ کے علاوہ رازدان ٹاپ گریز، مغل روڑ اور سنتھن ٹاپ کے علاوہ زوجیلا میں برفباری ہوئی۔۔پہلگام کے بالائی علاقوں ،امرناتھ گپھا،پنجترنی،مہاگنس ٹاپ، پسو ٹاپ،شیش ناگ، گریزسیکٹر، وادی بنگس،نوگام سیکٹر،مژھل،فرکیاں گلی،زیڈ گلی،سادھنا ٹاپ،رازدان پاس اور چوکی بل کے علاوہ مغل روڑ اور سنتھن ٹاپ کے علاوپ سونہ مرگ میں دوران شب تازہ برفباری ہوئی ۔تازہ برف باری کے نتیجے میں بانڈی پورہ گریز روڑ ، سنتھن کشتواڑ مرگن ٹاپ پر تازہ برف باری کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمد ورفت کو معطل کر دیا گیا ہے ،کیونکہ ان مقامات پر ہلکے سے درمیانہ درجہ کی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے ۔ایس ڈی ایم کوکرناگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سنتھن ، کشتواڑ اور مرگن ٹاپ سڑکوں کو بدلتے موسم کے چلتے اختیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق جموں و کشمیر میں برف وباراں کا یہ مرحلہ 14 سے 17 اکتوبر تک رہے گا اور اس دوران رک رک کر ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں جس کے 60 سے 70 فیصد امکانات ہیں۔ ڈائریکٹر موسمیات سونم لوٹس نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خراب موسمی صورتحال کے بیچ فصلوں کی کٹائی سے گریز کریں ۔