سرینگر // پیر کو 12دنوں کے بعد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 2شخص فوت ہوگئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 4428ہوگئی ہے۔ اس سے قبل 6اکتوبر کو جموں و کشمیر میں 2افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے تھے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 38ہزار 479ٹیسٹ کئے گئے جن میں 8مسافروں سمیت مزید 75افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں ۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 31ہزار 137تک پہنچ گئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 75افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں میں 12اور کشمیر میں 63افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 63افراد میں 6بیرون ریاستوں سے سفر کرکے وادی پہنچے ہیں جبکہ 57افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ وادی کے 63متاثرین میں سب سے زیادہ سرینگر میں 39،بارہمولہ میں 10،بڈگام میں 1،پلوامہ میں 3،کپوارہ میں 4، اننت ناگ میں 3، گاندربل میں 1، کولگام میں 2جبکہ بانڈی پورہ اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 6ہزار 946تک پہنچ گئی ہے۔ وادی میں سوموار کو 12دنوں کے بعد کورونا وائرس سے ایک شخص فوت ہوا ہے۔ کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 2253ہوگئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور ، راجوری، کٹھوعہ، سانبہ، کشتواڑ اور پونچھ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 4اضلاع میں 12افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 2بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ 10افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے 12متاثرین میں جموں میں 7،ڈوڈہ میں 3،رام بن میں 1جبکہ ریاسی میں 1شخص کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ جموں صوبے میں بھی 12دنوں کے بعد ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2175ہوگئی ہے۔