عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // جموں و کشمیربورڈ آف سکول ایجوکیشن نے 11ویں جماعت کے امتحانات میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 11ویں کے امتحانات کی منسوخیکی قیاس آرائیاں اس وقت گردش کر رہی تھیں جب مرکزی سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی وزارت تعلیم سنجے کمار نے اپنے حالیہ دورہ کشمیر کے دوران سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو گیارہویں جماعت کے طلبا کے بورڈ امتحان پر نظر ثانی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔محکمہ تعلیم کے حکام نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں، یونین سکریٹری نے 11ویں جماعت کے طلبا کے لیے امتحان کو ختم کرنے کی اپنی تجویز پیش کی ہے، لیکن جے کے بورڈ اس امتحان کا انعقاد جاری رکھے گا۔حکام نے کہاکہ بورڈایک قابل ستائش کام کر رہا ہے۔ امتحانات فول پروف طریقے سے منعقد کیے جاتے ہیں اور نتائج کا اعلان وقت پر کیا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کے امتحانات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا”طلبا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان کوئی الجھن نہیں ہونی چاہیے۔ تینوں امتحانات (کلاس 10ویں، 11ویں اور 12ویں) بورڈکی طرف سے منعقد ہوتے رہیں گے‘‘۔