عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ینگون //میانمار نے مسلسل تیسرے سال بڑھتی ہوئی کاشت کے بعد 2023 میں افغانستان کو دنیا کے سب سے زیادہ افیون پیدا کرنے والے ملک کے طور پر پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ، اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں فوجی بغاوت نے کسانوں کو افیون کی کاشت سے روزی کمانے پر مجبور کیا ہے جبکہ افغانستان میں طالبان کے کریک ڈاؤن سے منشیات کی سپلائی میں 95 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ میانمار میں 2022 اور 2023 کے درمیان عدم استحکام کی وجہ سے پیداوار میں 36 فیصد اضافہ ہوا اورگزشتہ 12 مہینوں میں 1,080 میٹرک ٹن افیون کی پیداوار ہوئی ہے – اس کے برعکس ،گزشتہ سال اپریل میں طالبان کی جانب سے پوست کی کاشت پر پابندی کے بعد افغانستان میں صرف 330 ٹن کاشت کی گئی۔طالبان کے اس کریک ڈاؤن نے میانمار کو افیون پیدا کرنے والاسب سے بڑا ملک بنادیا ہے اورمیانمار کے پروڈیوسر 2022 کے مقابلے میں اس کی تجارت سے 75 فیصد زیادہ کما رہے ہیں۔ دریں اثنا، ماہرین نیطالبان کے کریک ڈاؤن کو انسانی تاریخ میں انسداد منشیات کی سب سے کامیاب کوشش قرار دیا ہے۔ دنیا میں افیون کے سب سے بڑے سپلائر کے طور پر، دو دہائیوں سے زیادہ عرصے کے بعد ، افغانستان میں حکمران طالبان کی طرف سے پوست کی کاشت پر پابندی کے سخت نفاذ کی وجہ سے 2022 میں کاشت شدہ رقبہ 233,000 ہیکٹر سے گھٹ کر اس سال 11,000 سے کم ہو گیا۔