سرینگر اورجموں میں میٹر و کا خواب حقیقت بن جائے گا:لیفٹیننٹ گورنر
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے سرینگر الیکٹرک بس پروجیکٹ کے تحت سمارٹ سٹی کی 100 الیکٹرک بسوں کا آغاز کیا اوربدھ کو نشاط بس ٹرمینل پر 75 اِی۔ بسوں کے بیڑے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اِی۔ بسیں 15 انٹرا سٹی اور 2 انٹر سٹی روٹوں پر چلیں گی اور صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک مسافروں کو خدمات فراہم کریں گی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ اور سری نگر اور ملحقہ اَضلاع کے رہائشیوںکو مُبارک پیش کی۔اُنہوں نے کہا ،’’ماحولیات کے ساتھ ہم آہنگ توازن کے لئے ٹرانسپورٹیشن کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے سمارٹ موبلٹی ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ 100 اِی۔ بسوں کا اضافہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کے ویژن کے مطابق کاربن نیوٹرلٹی حاصل کرنے کی خاطر ایک بڑی کامیابی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ لوگوں کوبہتر ٹرانسپورٹیشن فراہم کرنے اور معاشرے کی پائیداری میں اَپنا کردار اَدا کرنے کے لئے مربوط نقطہ نظر کے ذریعے ’’ماڈل شفٹ‘‘ کے تصور کو حقیقت میں تبدیل کر رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ آج لوگوں کے لئے وقف کردہ اِی۔ بسیں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ روزانہ مسافروں اور دفتر جانے والوں کو سری نگر شہر اور اس سے منسلک اَضلاع کے لئے قابل اعتماد، سستی، دیرپا اور محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم تک رسائی حاصل ہو۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اِی۔ بسوں کے لئے مخصوص چارجنگ سٹیشن سال بھر فعال رہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے آغازی تقریب میں جموںوکشمیر یوٹی میں شہری ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے میں مدد اور تعاون کے لئے مرکزی حکومت کا شکریہ اَدا کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ جلد ہی سرینگر اورجموں میں میٹر وریل کا خواب حقیقت بن جائے گا۔اِی۔بسیں یونیورسل ایکسیس اور ایچ وِی اے سی ( ہیٹنگ، وینٹی لیشن اور ایئر کنڈیشننگ) سسٹم، آن بورڈ وہیکل ٹریکنگ سسٹم، سی سی ٹی وی اور ایمرجنسی سٹاپ کی سہولیت سے لیس ہیں۔مسافروں کی سہولیت کے لئے ایک مخصوص موبائل ایپ اور آن لائن ٹکٹ کی ادائیگی کی سہولیت تیار کی گئی ہے۔ تمام بسیں سری نگر سمارٹ سٹی کے انٹگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ مربوط ہیں۔ پانتہ چھوک پر ایک بس ڈیپو قائم کیا جارہا ہے اور اِی۔ بسوں کو آسانی سے چلانے کے لئے چارجنگ سب سٹیشن تیار کئے گئے ہیں۔