جموں//گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں ریاستی اِنتظامی کونسل نے-21 -20 2019ء میں دس نئے مقاما ت پر ڈگری کالج قائم کرنے کو منظوری دی ہے ۔ یہ کالج تلیل ، بونیار ،سویۂ بگ ، گشتی گڈھ ، جوریاں ،بھگوتی نگر ، کرال پورہ کپواڑہ، درہال،گگوال اور مونگری پنچھاری میں قائم کئے جائیں گے۔سرکار نے پرنسپل سیکرٹری فائنانس کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو نئے کالجوں کے قیام سے متعلق ضروریات کا جائزہ لے رہی ہے۔ ابھی تک گورنر انتظامیہ نے 50ڈگری کالجوں کے قیام کو منظوری دی ہے۔ادھرانتظامی کونسل نے ریاست میں 228سکولوں کو اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔210 سکولوں میں سے 87ہائی سکولوں کو ہائیرسکینڈری جبکہ 123 مڈل سکولوں کو ہائی سکولوں کے طور اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔کونسل نے سماگراہ شکھشا کے تحت 12مڈل سکولوں کو ہائی سکولوں جبکہ 6ہائی سکولوں کو ہائیر سکینڈری سکولوں کے طور اَپ گریڈ کرنے کو منظوری دی ہے۔کونسل نے گورنمنٹ لور ہائی سکول دیسا ڈوڈہ کو ہائی سکول کے طور پر اَپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
ملازمین کے حق میں3 فیصد مہنگائی بھتہ واگذار
یکم اپریل 2019ء کے بعد نقد ادا کیا جائے گا
نیوز ڈیسک
جموں//گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں ریاستی انتظامی کونسل نے ریاستی سرکار کے ملازمین اور پنشنروں کے حق میں یکم جنوری 2019ء سے ڈی اے میں3 فیصد اضافے کی قسط کی واگزاری کو منظوری دی ۔ڈی اے میں اضافے سے جمع شدہ ایئریرس کو یکم اپریل 2019ء کے بعد نقد ادا کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے اطلاق سے ملازمین کو اب 12فیصد ڈی اے ملے گا۔
سروسز سلیکشن بورڈ کی طرف سے 662اسامیوں کیلئے تقرریوں کی ہری جھنڈی
جموں//ہائی کورٹ کے احکامات پر ریاستی سروسز سلیکشن بورڈ نے وزیر اعظم پیکیج کے تحت ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، ریلیف و باز آباد کاری سرکاری محکموں میں 662 اسامیوں کے سلیکشن لسٹ کو منظوری دی ۔بورڈ نے 27؍ فروری 2019کو 149 ویں میٹنگ میں یہ منظوری دی ۔ اِن میں 87 ایسی اسامیاں بھی شامل ہیں جن کے لئے کسی بھی اُمید وار نے درخواست نہیں دی تھی۔ بورڈ نے اِن اسامیوں کو متعلقہ محکمہ کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔بورڈ نے مختلف سلیکشنوں کے لئے 58سفارشات کو بھی منظوری دی ہے ۔یہ سلیکشن لسٹ بورڈ کی ویب سائٹ www.jkssb.nic.in پر آج شام اَپ لوڈ کئے جائیں گے۔