عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سکریٹری، اتل ڈلو نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کو ہموار کرنے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں آنے والے امرناتھ یاتریوںاور پھلوں کے موسم کے پیش نظر دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے 10 جون کی آخری تاریخ مقرر کی ۔چیف سکریٹری قومی شاہراہ پر سڑک کی حالت اور ٹریفک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تمام متعلقہ افراد کے ساتھ منعقدہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔چیف سکریٹری نے اس وقت، لائٹ موٹر وہیکلز اور ہیوی موٹر وہیکلز دونوں کے ذریعے ایک شہر سے دوسرے شہر تک پہنچنے میں لگنے والے وقت کا نوٹس لیا۔ انہوں نے سڑک کی حالت اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بارے میں دریافت کیا۔ڈلو نے اس سڑک پر تقریباً دو درجن مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا جہاں مسافروں کو اپنے سفر میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے NHAI، ریجنل آفیسر، جموں پر زور دیا کہ وہ اس سال 10 جون تک سڑک کی سطح کو بہتر بنانے اور اس پر بیک وقت دو طرفہ ٹریفک کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔انہوں نے شاہراہ کی چوڑائی بڑھانے کے علاوہ ان تمام راستوں کو بلیک ٹاپ کرنے جیسے تیز اقدامات کرنے کو کہا جہاں سڑک کی کھردری سطح کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ایسے تمام مقامات کی نشاندہی کریں جنہیں فوری طور پر بہتری کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ یاترا اور پھلوں کے سیزن کے دوران کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے جب ہزاروں پھلوں سے لدے ٹرک روزانہ کی بنیاد پر اس شاہراہ سے گزرتے ہیں۔چیف سکریٹری نے ڈلواس، اولڈ پسی، مہاڈ، ماروگ (رام بن)، پرتاپ نالہ (ڈگڈول)، خونی نالہ، پنتھیال، مگرکوٹ، ہگنی، لوئر نچلانہ اور کشتواڑی پتھر کے مقامات کی جانکاری حاصل کی۔دلو نے عمل آوری کرنے والی ایجنسیوں سے کہا کہ وہ ہائی وے کے کٹھوعہ-کٹرہ حصے کو بہتر بنائیں اور بغیر کسی تاخیر کے 20 جون سے پہلے اس کی بلیک ٹاپنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ڈویژن کام جموں سے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس کام کی نگرانی کریں اور روزانہ اس اکانٹ پر رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے سرینگر میں بمنہ، صنعت نگر اور نوگام کراسنگ پر گریڈ سیپریٹرز کی تعمیر پر حاصل ہونے والی فزیکل پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بجبہاڑہ کے قریب اوور ہیڈ ریلوے کراسنگ پل پر اب تک کئے گئے کام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ان تمام پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کے لیے کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ محکمہ ٹریفک نے ضلع انتظامیہ رام بن کے ساتھ مل کر 19 مقامات کی نشاندہی کی ہے تاکہ وہاں کچھ اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان راستوں پر سڑک کی چوڑائی، کمپیکٹنگ اور بلیک ٹاپنگ جیسے اقدامات اگلے ایک دو ہفتوں میں مکمل کر لیے جائیں گے۔