سرینگر//دسویں اور بارویں جماعت کے سالانہ بورڈ امتحانات ممکنہ طور پر نومبر کے پہلے اور دوسرے ہفتے میں شروع ہونگے۔ بورڈ کی چیئر پرسن، وینا پنڈتا کا کہنا ہے کہ وہ12ویں جماعت کے سالانہ بورڈ امتحانات7یا8نومبر سے شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس کے بعد نومبر کے دوسرے ہفتے میں دسویں جماعت کے سالانہ بورڈ امتحانات کا منصوبہ ہے۔پنڈتا نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک میٹنگ جمعہ کو بلائی گئی تھی جس میں متعلقہ افسران کو کہا گیا کہ وہ ضروری انتظامات کریں۔انہوں نے مزید کہا’’ایک بار ان امتحانات کا بوجھ کم ہونے کے بعد ، 11 ویں جماعت کا سالانہ باقاعدہ امتحانات کے انعقاد کا منصوبہ بنائیں گے‘‘۔پنڈتا نے کہا کہ انہوں نے نومبر سے 10 ویںاور 12 ویںکے امتحانات عارضی طور پر شیڈول کئے ہیں ، لیکن کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت نے ، موجودہ وبائی امراض کے پیش نظر ، اس سال کے سالانہ باقاعدہ امتحانات کے لیے 10ویں اور12ویں کلاسوں کے نصاب میں 30 فیصد نرمی کا اعلان کیا ہے۔