عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ//مرکزی وزیر اور ادھم پور لوک سبھا حلقہ کے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ کٹھوعہ پچھلے دس برسوں میں 2014 کے بعد ایک چھوٹے سے شہر سے ایک امید افزا منزل تک پہنچا ہے۔کٹھوعہ شہر کے مختلف وارڈوں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جو لوگ 2014 سے پہلے کٹھوعہ کا دورہ کرتے تھے وہ اب اس ضلع کی تعمیر و ترقی کو دیکھ کر حیران رہ جائینگے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں میں سے جو یہ کہتے ہیں کہ پچھلے 10 سال میں کوئی ترقی نہیں ہوئی وہی خود سہولتوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے بچے مودی حکومت کی طرف سے مرکزی فنڈ کے ذریعے کھولے گئے میڈیکل کالج میں پڑھ رہے ہیں۔ وہ برلا پارک اور ڈریم لینڈ پارک کی تفریحی سہولیات کا استعمال کر رہے ہیں، جن دونوں کو 2014 کے بعد نئے سرے سے زندہ کیا گیا تھا اور وہ اپنے بچوں کو مرکزی فنڈ سے چلنے والے انجینئرنگ کالج میں بھی بھیج رہے ہیں جو 2014 کے بعد روسا اسکیم کے تحت کٹھوعہ میں کھولا گیا تھا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ یہ عجیب بات ہے کہ کچھ ناقدین کیریان-گنڈیال پل کی فراہم کردہ سہولت کا استعمال کرتے ہیں اور پھر بھی کہتے ہیں کہ وہ پل کو نہیں دیکھ سکتے۔ اسی طرح، وہ سب سے پہلے بیج پروسیسنگ پلانٹ کی زرعی سہولت اور ٹاٹا میموریل ممبئی کے ذریعہ کٹھوعہ میں شروع کی گئی کینسر تھیراپی کی سہولت کا بھی استعمال کر رہے ہیں اور پھر بھی کہتے ہیں کہ وہ اس کے بارے میں نہیں جانتے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ اپوزیشن کے پاس 2004 سے 2014 کے یو پی اے حکومت کے 10 سال کے دوران، جب اس حلقے کی نمائندگی کانگریس پارٹی کر رہی تھی عام لوگوں کے پاس بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں تھیں ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا، شمالی ہندوستان کے پہلے صنعتی بائیوٹیک پارک اور آنے والے نئے صنعتی علاقے کے ساتھ، کٹھوعہ نہ صرف شمالی ہندوستان کے بڑے کاروباری اور تجارتی مرکز کے طور پر ابھرنے والا ہے، بلکہ یہ ایک اہم تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کا مرکز بھی ہو گا۔ انہوں نے پیشین گوئی کی کہ اگلے چند سال میں، پنجاب، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے، کٹھوعہ ملحقہ شہر پٹھانکوٹ اور جموں کے مقابلے میں ایک مکمل متحرک مرکزی نقطہ کے طور پر ترقی کر سکتا ہے۔