عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے علاقہ ٹھکرائی سرواں کی عوام کے ساتھ گزشتہ برس ضلع ترقیاتی کمشنرکی جانب سے کئے گئے وعدے کے باوجود بھی علاقہ مکینوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے عام لوگ دور دراز علاقوں میں سے پانی لانے پر مجبور تھے ۔ضلع ہیڈ کوارٹر سے محض تیس کلومیٹر کی دور پر واقع سراوں گاوں کی عوام کو آج بھی پانی کی حصولی کیلئے کئی کلومیٹر دور جانا پڑتا ہے جسکے بعد وہ اُسے گھر میں استعمال میں لاسکتے ہیں۔لوگوں نے بتایا کہ عوام کو پانی کی ایک ایک بوندکیلئے ترسنا پڑتاہے۔ اگرچہ نوے کی دہائی میں علاقے کیلئے پانی کی سپلائی لگائی گی تھی اور آج تک اس پائپ لائن کی مرمت نہ ہوسکی اور عام لوگوں بالخصوص خواتین کو کئی کلومیٹر دورجاکر پانی لانا پڑتاہے ۔مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے پانی کی قلت کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کیاگیا لیکن آج تک کوئی بھی سہولیت فراہم نہیں کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس ضلع ترقیاتی کمشنر نے ازخود اس علاقے کا دورہ کیا تھا اور عوام کو یقین دلایا تھا کہ پانی کا مسئلہ چند روزمیں حل کیا جاے گا لیکن 1برس بعد بھی اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیاگیا ۔فاروق احمد نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ علاقے کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اگرچہ انہوں نے متعدد مرتبہ انتظامیہ رجوع کیا لیکن آج تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہو ئے کہا کہ علاقہ میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے نہیں تو اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کیخلاف احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا ۔