نیوز ڈیسک
سرینگر//سخت سیکورٹی کے درمیان، 6400یاتریوں کا قافلہ جموں سے امرناتھ گھپاکیلئے روانہ ہوا۔ یاتری 265 گاڑیوں کے قافلے میں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوئے۔حکام نے بتایا کہ آج کی کھیپ کے ساتھ جموں سے امرناتھ کے لیے روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 17100تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 7000 سے زیادہ تازہ یاتری ملک بھر کے مختلف مقامات سے جموں پہنچ گئے ہیں۔ معلوم ہواکہ یاتریوںکوصبح 5بجے سے11بجے تک دومیل بالتل اورچندی واڑی پہلگام گیٹ عبور کرنا ہوتے ہیں جبکہ سہ پہر3بجے کے بعدکسی بھی یاتری کوپنجترنی سے گھپاکی جانب سفر جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے ۔ 70سے زیادہ عمر والے بزرگ شخص ،13سال کی عمر سے کم بچوں وبچیوں اور6ماہ کی حاملہ خواتین کیلئے یاترا کوممنوعہ قرار دیاگیاہے ۔ بدھ 4890یاتری ،جمعرات کو5810اورجمعہ کو6400یاتری درشن کیلئے جموں سے روانہ ہوئے ۔
غیر رجسٹر یاتریوں کا کشمیر میں داخلہ
ساڑھے 3بجے کے بعد پابندی :پولیس
نیوز ڈیسک
جموں// یاتریوں اور سیاحوں کو سیکورٹی خدشات کی وجہ سے سہ پہر ساڑھے 3بجے کے بعد رام بن سے آگے وادی جانے سے روک دیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ پولیس نے یہ اقدام غیر رجسٹرڈ امرناتھ یاتریوں کے سیاحوں کے بھیس میں وادی میں سفر کرنے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے، جس سے سیکورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر سیکورٹی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔رام بن کے سپر انٹنڈنٹ پولیس موہتا شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا”غیر رجسٹرڈ یاتری، بغیر (ریڈیو فریکونسی شناخت) کے سفر کرنے والے اور سیاحوں کے بھیس میں سفر کرنے والے یاتریوں کو دوپہر 3.30 بجے کے کٹ آف ٹائم کے بعد (بانہال علاقہ) میں نویوگ سرنگ سے کشمیر جانے کی اجازت نہیں ہوگی” ۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی وجوہات کی بناء پر امرناتھ یاتریوں کی گاڑیوں کو چندرکوٹ سے دوپہر 1.30 بجے کے بعد اور بانہال ٹنل سے 3.30 بجے کے بعد کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم، ٹرک اور دیگر مقامی ٹریفک معمول کے مطابق چلیں گے۔ایس پی نے مزید کہا کہ یاتریوں کو، جنہیں دوپہر 1.30 بجے کے بعد چندرکوٹ میں روکا گیا ہے، انہیں چندرکوٹ کے یاتری نواس میں ٹھہرایا گیا ہے۔یاترا کے دوران ہائی وے پر مقامی ٹریفک پر پابندی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ مقامی گاڑیوں بشمول اسکول کے طلباء ، ملازمین اور مریضوں کو لے جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔
بانہال میں حادثہ،3یاتری زخمی
محمد تسکین
بانہال// بانہال میں سڑک حادثہ کے دوران4 امرناتھ یاتری زخمی ہوئے۔ شیربی بی بانہال کے قریب ایک ٹیمپو سڑک سے پھسل کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں چار یاتری زخمی ہو گئے ، جن میں سے دو افراد کو فریکچر ہوا۔ زخمیوں کو بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میںکندن کمار عمر56 سال ساکن یو پی، ونائک گپتا ساکن چھتیس گڑھ عمر 10 سال، انیتا گپتا، عمر 49 سال ساکن چھتیس گڑھ اور گڑیا ولد ترلوک چند گپتا ساکن چھتیس گڑھ عمر 39 سال شامل ہیں۔