سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے ملی ٹینسی سے مبینہ تعلق کے الزام میں2 پولیس اہلکاروں سمیت5سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کردیا ہے۔ پرنسپل سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے30مارچ کوجاری کردہ الگ الگ سرکاری آرڈروںکے مطابق برطرف کئے گئے ملازمین میں پولیس کانسٹیبل توصیف احمد میرولدمرحوم بشیراحمدمیرساکن چکورہ پلوامہ، کمپیوٹر آپریٹرمحکمہ مال غلام حسن پرے ولدمرحوم عبدالرشید پرے ساکن لاوے پورہ سرینگر، محکمہ تعلیم میں بطور استادتعینات ارشد احمد داس ولد مرحوم غلام نبی داس ساکن براہ بنڈنہ اونتی پورہ پلوامہ ، پولیس کانسٹیبل شاہد حسین راتھرولدولی محمدراتھرساکن کھئی پورہ ٹنگمرگ بارہمولہ اور محکمہ صحت کا نرسنگ آرڈرلی شرافت احمد خان ولدلال بادشاہ خان ساکن کیرن پائین کپوارہ شامل ہیں۔نوکریوں سے برخاست کرنے کی وجہ ان ملازمین کا ملی ٹینسی کیساتھ تعلق بتایا گیا ہے۔سرکاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ملی ٹینسی سے تعلق کے الزام میں ملازمین کو ’ملک کے سلامتی کے مفاد میں‘آئین ہند کے حال ہی میں نافذ کردہ آرٹیکل311کی شق2کے تحت برطرف کیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر حکومت نے اپریل میں ایک خصوصی ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) تشکیل دی تھی تاکہ ایسے ملازمین کے ناموں کی سفارش کی جائے جو سیکورٹی کیلئے خطرہ بننے والی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔