جموں // ریاست میں ایچ ڈی ایف سی بینک کی 77ویں شاخ کا افتتاح کیاگیا ۔اس شاخ کا افتتاح جموںکچی چھاونی علاقہ میں پرنسپل سیکریٹری فائنانس نوین چوہدری نے دیگر اعلیٰ آفیسران و معززین کی موجودگی میں کیا ۔ایچ ڈی ایف سی منتظمین کے مطابق 2003میں ریاست جموں و کشمیر میں اپنی پہلی شاخ قائم کر نے کے بعد اس وقت ریاست میں مجموعی طورپر مذکورہ بینک کی 77شاخیں اور 211اے ٹی ایم قائم کئے جاچکے ہیں جن سے صارفین استفادہ کر رہے ہیں ۔بینک کی جانب سے2014میں ورانسی سے شروع کی ہوئی’گو ڈیجیٹل مہم ‘کے بعد ملک کے ساتھ ساتھ ریاست کے مختلف حصوں میں جدید ٹیکنالوجی و جدید نیٹ ورک کی مدد سے صارفین کو مدد فراہم کر رہا ہے ۔اسی طرح بینک کی جانب سے ’بینک آپ کی مٹھی میں ‘موبائل ایپلی کیشن کی مدد سے صارفین کو موبائل فون پر بھی سہولیات میسر کی گئی ہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جموں و کشمیر ایچ ڈی ایف سی بینک کے سنیئر نائب صدر زبیر اقبال نے کہاکہ بینک منتظمین جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اپنی خدمات کو بہتر سے بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ 2003میں صارفین کو سہولیت فراہم کرنے کیلئے مذکورہ بینک کی جانب سے سفر شروع کیا گیا تھا اور اپنی 15سالہ محنت و لگن کی وجہ سے اس وقت ریاست میں بینک نجی سیکٹر میں روز گا فراہم کرنے کے اعتبار سے اہم رول ادا کر رہا ہے ۔موصوف نے کہا کہ بینک نے سی ڈی کی شرح 64فیصد تک پہنچائی ہے جو کہ ریاست میں کسی بھی نجی سیکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ ہے ۔نوین چوہدری نے بینک کی ریاست میں موجودگی اور روز گار کے سلسلہ میں ادا کئے جارہے رول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے پسماندہ طبقہ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔یاد رہے کہ ایچ ڈی ایف سی بینک کی ملک میں 54فیصد شاخیں دیہی اور نیم شہری علا قوں میں قائم ہیں ۔