سرینگر// مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کے تین سینئر آئی اے ایس افسران کی واپسی کو منظوری دی ہے جو کہ بیرون ریاستوں میں مرکزی حکومت کے احکامات کے مطابق کام کررہے تھے ۔یہ فیصلہ ریاستی حکومت کی اس درخواست پرلیا گیا ،جو انہوں نے ان آئی اے ایس افسران کی واپس تعیناتی کے حوالے سے پیش کی گئی تھی۔کابینہ کی تعیناتی کمیٹی نے گذشتہ روز اٹل کمار ڈلو (جوائنٹ سیکریٹری محکمہ دیہی ترقی)،ارن کمار مہتا(ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ ماحولیات ،جنگلات وتغیر موسمیات )اور منوج کمار دویدی جوائنٹ سیکریٹری محکمہ تجارت کی ریاست واپسی کے احکامات صادر کئے ۔اٹل کمار ڈلو ریاست جموں وکشمیر کے باشندے ہیں۔20جون سے ریاست جموں وکشمیر میں گورنر راج کے نفاذ کے ساتھ ہی ،حکومت نے مرکز سے آئی اے ایس افسران کی قلت کے بارے میں تحریرا درخواست ارسال کی تھی اور جموں وکشمیر میں اعلیٰ افسران کی تعیناتی کے حوالے سے اپیل کی تھی ۔22جون کو سابق گورنر این این ووہرا نے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کو لکھا تھا کہ وہ ان افسران کی واپسی کے حوالے سے اقدامات کریں ساتھ ہی چیف سیکریٹری بی وی اآر سبھرمنیم کو تلقین کی تھی کہ وہ اس معاملے میں متواتر طور مرکز کے ساتھ رابطہ کریں ۔ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے میں مرکزی حکومت کے ساتھ متواتر طور بات کی گئی ۔واضح رہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں بیروکریسی میں افسران کی شدید قلت پائی جاتی ہے ۔136منظور شدہ اسامیوں میں آئی اے ایس افسران کی تعداد73ہے جن میں 14مرکزی ڈیپوٹیشن پر بیرو ن ریاست تعینات ہیں ۔