عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، کشمیرنے ہفتہ کو کشمیر ڈویژن کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کے لئے کلاس فسٹ پرائمری سے 9ویں جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے یکساں ڈیٹ شیٹ جاری کی ہے۔ ایک حکم نامے کے مطابق ان کلاسز کے سمری امتحانات 25 نومبر سے شروع اور دسمبر 6 تک اختتام پذیر ہوں گے۔ ایک سرکاری حکم میں کہا گیا ہے، “سوال پیپر متعلقہ اور انفرادی اسکولوں کی طرف سے طلبہ کی قابلیت، نصابی اہداف اور سیکھنے کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کی تشخیص کے مطابق ترتیب دیے جائیں گے، جومجموعی رپورٹ کارڈ کے مطابق ہونگے۔ “آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ” اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ امتحانات کے ہموار انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔”اس نے یہ بھی کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ جوابی پرچوں کا وقت پر جائزہ لیا جائے تاکہ نتائج کا اعلان دسمبر15 تک یا اس سے پہلے کیا جا سکے۔اس سے قبل ڈائریکٹر نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے صاف گوئی کے بجائے مبہم الفاظ کا استعمال کر کے کہا تھا کہ پہلی سے نویں جماعت کے امتحانات 15نومبر سے دسمبر کے وسط تک لئے جائیں گیاور محکمہ دوستانہ اور قابلیت پر مبنی سالانہ امتحانات کا انعقاد کرے گا، جس کیلئے یکساں ڈیٹ شیٹ جاری کریں گے۔تاہم شام سے قبل ہی محکمہ کی طرف سے ڈیٹ شیٹ جاری کی گئی ، جس میں سبھی امتحانات کو 25نومبر سے 6دسمبر تک لینے کی تاریہخیں دی گئی ہیں۔موصوف نے کہا “ہم نے پہلی سے نویں جماعت کے امتحانات منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ دسمبر کے وسط تک ہم تمام امتحانات مکمل کر لیں گے تاکہ طلبا اگلے درجے کے لیے تیار ہو سکیں۔”انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ نصاب کی تکمیل پر کسی قسم کا تنائو نہ لیں۔انکا کہنا تھا “ہم نصاب سے واقف ہیں اور اس کا تقریباً 90 فیصد مکمل کر چکے ہیں۔”