سرینگر//متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اورتحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے خبردار کیا ہے کہ کشمیری عوام اور قیادت کے مثالی اتحاد اور اتفاق نے دشمن کو بوکھلاہٹ کا شکار بنا دیا ہے۔ اس لئے وہ تحریک کو کمزور کرنے اور ہماری صفوں میں رخنہ ڈالنے کی سازش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی ہمارے پاس امانت ہے۔ سیاسی، عسکری اور دیگر محاذوں پر ہماری یک جہتی اور ہم آہنگی نے ریاست کے مظلوم و محکوم عوام کو آزادی کے قریب تر کر دیا ہے۔ جو لوگ مایوس تھے ، ان کو بھی امید کی نئی کرن دکھائی دے رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کے پالیسی ساز اور تحریک کو کچلنے کے حامی عناصرکشمیریوں کے اتحاد سے خوفزدہ ہیں۔ وہ ہمارے درمیان پھوٹ ڈالنے کے روایتی اور غیر روایتی حربے بروئے کار لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ہمیں اپنی صفوں کو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط اور مستحکم کر کے منزل کی جانب گامزن ہونا ہے ۔قوم کے نوجوانوں، طلباءو طالبات، محنت کشوں، پروفیسرز، وکلائ، تاجربرادری، ڈاکٹرز، میڈیا، ادیبوں، ماہرین اور تمام ماﺅں، بہنوں، بیٹیوں کی قربانیاں باعث تحسین ہے اور ان سے اپیل ہے کہ وہ اس تحریک کی پشتبانی جاری رکھیں۔