سرینگر //پلوامہ میں سی آر پی ایف کانوائے پر حملے کے بعد بیرون ریاستوں میں کشمیریوںپر حملے ہنوز جاری ہیں۔ مہاراسٹر ا میں کشمیری طلباء کی مار پیٹ کا ایک تازہ واقعہ سامنے آیا ہے جبکہ اترپردیش میں کشمیریوں کو کھانڈ کی ایک مل سے باہرنکالنے کا الٹی میٹم دیدیا گیا ہے۔ یوپی کے ایک کالج میں تین کشمیری طالبہ کے خلاف کارروئی عمل میں لائی گئی ہے ۔ادھر مغربی بنگال میں کشمیری تاجروں پر حملے کرنے میں ملوث 5افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
۔3 طالبہ کے خلاف کارروائی
اتر پردیش کے انڈین ویٹرنری ریسرچ انسٹی چیوٹ (IVRI) میں زیر تعلیم تین کشمیری طالبہ کے خلاف مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ملک مخالف تحریریں پوسٹ کرنے کی پاداش میں کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔میڈیا کے مطابق انسٹی چیوٹ کے رجسٹرار راکیش کمار کے مطابق ادارے نے معاملہ سامنے آنے کے بعد تین کشمیری طالبہ کے خلاف بدھ کو یہ کارروائی اُس وقت عمل میں لائی گئی جب مقامی انٹیلی جنس ایجنسیوںکی رپورٹ سامنے آئی ۔انہوں نے کہا کہ 2کشمیری لڑکیوںکی فیلو شب معطل کی گئی ہے جبکہ دوسرے کا داخلہ رد کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن دو کشمیری طالبہ کی فلو شب معطل کی گئی ہے اُن کو خبرداد کیا گیا کہ وہ آئندہ ایسی کوئی حرکات نہ کریں ورنہ اُن کو نکال دیا جائے گا ۔
مہارشٹرا میںشیو سینا بے قابو
پولیس کے مطابق بدھ کی شام یاوت مال کالج مہاراشٹرامیں زیر تعلیم کشمیری طلباء پر شیو سینا یوتھ ونگ سے وابستہ نوجوانوں نے حملہ کیا ۔پولیس کے مطابق اس واقعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یاوت پولیس سٹیشن میں ایک کیس بھی درج کیا گیا ۔پولیس کے مطابق طلباء پر حملہ رات کے دس بجے اُن کے عارضی رہائشی کوارٹروں کے باہر وگیپور روڑ پر ہوا ۔ ایس پی ایم راج کمار کے مطابق کچھ کشمیری طلباء شام کا کھانا کھانے کے بعد اپنی عارضی رہائش گاہ کی طرف جا رہے تھے تو اس بیچ وہاں شیو سینا کے کارکنوں نے اُن کو روکا اور مار پیٹ شروع کی اس واقعہ کا ایک ویڈو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری طلباء نے اس حوالے سے لوہارہ پولیس سٹیشن میں شکایت درج کی جس کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کی ۔کشمیری طلباء نے کہا کہ اُن کی نہ صرف شدید مار پیٹ کی گئی بلکہ انہیں گالیاں بھی دی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ حملہٓ اوروں نے دھمکی دی کہ وہ یہاں کرائے کے کمروں کو چھوڑ کر 4روز کے اندر اندر کشمیر چلے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے انہیں دھمکی دی کہ اگر آپ اس مدت کے دوران واپس نہیں گئے تو اُن کو جان سے مار دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ کچھ ایک لوگوں نے اُن کی جان بچائی۔کشمیری طلباء نے میڈیا کو بتایا کہ پلوامہ حملے کے بارے میں انہیں کوئی جانکاری نہیں ہے ہم یہاں تعلیم حاصل کرنے آئے ہیں ۔ شیو سینا چیف ادھے ٹھاکرے کے بیٹے نے کہا کہ وہ مار پیٹ کے اس واقعہ کی تحقیقات کریں گے اور جب سچ سامنے آئے گا تو اُس کے بعدقصورواروں کے خلاف کارروائی ہو گی ۔
اتر پردیش
مظفر نگر اتر پردیش میں کسانوں کی ایک تنظیم نے کھانڈ مل مالکان کو دھمکی دی ہے کہ وہ کشمیری ورکروں کو مل سے باہر نکال دیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتہ کسان یونین تومڑ نے ٹریوی شوگر مل کی منیجمنٹ کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے کشمیری ورکروں کو وہاں سے نہیں نکالا تو اُن کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مل میں کشمیر کے 74ورکر کام کرکے اپنی روزی روٹی کماتے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق مل کی منیجمنٹ نے اس معاملے پر تین دن کا وقت مانگا ہے ۔وشال الہاوت نامی ایک ممبر نے مل کے مالکان کو دھمکی دی ہے کہ اگر مل منیجمنٹ نے ان کو یہاں سے نہیں نکالا تو ہم خود ہی اُن کو یہاں سے باہر کر دیں گے ۔
۔5کی گرفتاری کا دعویٰ
مغربی بنگال پولیس نے کہا ہے کہ سائیہ بگ بڈگام کے رہنے والے شال باف جاوید احمد کی مار پیٹ میں ملوث5افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔پولیس کے مطابق جاوید کو چند غنڈوں نے 18فروری کو تہرپور علاقے میں زدکوب کیا تھاجس کے بعد اُن کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا اور پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 5افراد کو گرفتار کیا ہے۔