نئی دہلی / گورکھپور// کانگریس نے گورکھپور کے بابا راگھو داس ہسپتال میں تقریبا 60 بچوں کی ہونے والی موت پر اتر پردیش کی یوگی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ 'قاتل حکومت' ہے ۔ کانگریس کے اترپردیش انچارج راج ببر نے لکھنؤ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ یہ حادثہ وہاں ہوا جہاں سے یوگی آدتیہ ناتھ کئی بار رکن پارلیمنٹ بنے یوگی کا چوغہ پہنا۔ ہسپتال میں 60 بچوں کی موت نہیں ہوئی ان کا قتل کیا گیا ہے ۔ یوگی حکومت قاتل حکومت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ یہ بات کہہ رہے ہیں۔ مسٹر ببر نے کہا کہ اتنا بڑا حادثہ ہو گیا پر مسٹر یوگی نے 22 گھنٹے بعد اپنی خاموشی توڑی اور اس کے بعد بھی اب یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ موت آکسیجن کی کمی سے نہیں دوسرے وجوہات سے ہوئی ہے ۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ آخر یہ کون طے کرے گا کہ یہ موت کیسے ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے 48 گھنٹے پہلے مسٹر یوگی ہسپتال کا معائنہ کرنے گئے تھے ۔ وہاں کے اعلی افسران کے ساتھ بات کی تھی، چائے پی تھی پھر بھی انہیں پتہ نہیں چلا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے ۔ اس سے بڑی شرم کی بات اور کیا ہو سکتی ہے ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ مسٹر یوگی واقعے کی تحقیقات کرانے کی بات کہہ رہے ہیں۔ وہ کیا انکوائری کرائیں گے ، جب خود ہی فیصلہ کر چکے ہیں کہ بچوں کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے نہیں ہوئی۔ جب وزیر اعلی ہی یہ بات کہہ رہے ہوں تو پھر جانچ کرانے کا مطلب کیا رہ جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا، ''یوگی حکومت کو اتنے بچوں کو مار کر بھی تسلی نہیں ہوئی ہے اور اب بھی وہ جان لیوا فرمان جاری کررہے ہیں۔ پندرہ اگست کو تمام مدارس میں ترنگا لہرانے کا فرمان جاری کرکے کہا گیا ہے کہ جو بچے ترنگا لہرا رہے ہیں ان کی ویڈیو ریکارڈنگ کرکے حکومت کو بھیجی جائے ''۔ مسٹر ببر نے کہا کہ یوگی حکومت کی 'کرتوتوں 'کو دیکھ کر انہیں وہ شعر یاد آتا ہے ، ''کہاں تو طے تھا چراغاں ہر گھر کے لئے '.. کہاں چراغاں میسر نہیں شہر کے لئے ''۔یو این آئی